’’ میں سیاست سے دور ہوں لیکن سیاست مجھ سے دور نہیں ‘‘

   

میگا اسٹار چرنجیوی کے ریمارک پر سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) میگا اسٹار چرنجیوی نے دلچسپ ریمارک کیا کہ ’’میں سیاست سے دور ہوں لیکن سیاست مجھ سے دور نہیں ہے۔‘‘ چرنجیوی جو یو پی اے دورِ حکومت میں مرکزی وزارت میں شامل رہ چکے ہیں ان کی نئی فلم ’’ گاڈ فادر‘‘ ریلیز ہونے والی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ فلم دسہرہ کے موقع پر 5 اکٹوبر کو ریلیز ہوگی۔ فلم کی ریلیز سے متعلق ایک تقریب میں چرنجیوی نے فلم کی کہانی اور دیگر اُمور کے بارے میں سوالات کے جواب دیئے۔ آڈیو ریلیز تقریب کے موقع پر چرنجیوی نے فلم کے بعض ڈائیلاگس کو دہرایا۔ سوشیل میڈیا پر ان کے یہ ڈائیلاگ وائرل ہوئے ہیں۔ سوشیل میڈیا پر اس بات کو لے کر بحث چل رہی ہے کہ چرنجیوی نے فلم میں یہ ڈائیلاگ کہا ہے یا پھر جان بوجھ کر اس جملہ کو موجودہ حالات کے تحت دہرایا ہے۔ فلم کی ریلیز کیلئے اگرچہ ابھی 15 دن باقی ہیں لیکن چرنجیوی کے اس جملہ نے ان کے مداحوں میں یہ اُمید پیدا کردی ہے کہ چرنجیوی بہت جلد عملی سیاست میں دوبارہ سرگرم ہوسکتے ہیں۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد چرنجیوی نے کانگریس پارٹی کی سرگرمیوں سے خود کو دور کرلیا تھا۔ بی جے پی کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ چرنجیوی کو پارٹی میں شامل کیا جائے تاکہ آندھرا پردیش میں موقف مستحکم ہوسکے۔ دیکھنا یہ ہے کہ چرنجیوی اپنے نئے ڈائیلاگ کے مطابق کیا قدم اٹھائیں گے۔ر