’میں نے مشرف کو ایوان صدر سے نکالا، عمران خان کیا چیز ہیں‘

   


آپکی بہن نوازشریف اور شہباز شریف کا سلام لیکر آئی ہے، بے نظیر بھٹو کی برسی پر مریم ،
بلاول اور زرداری کی عمران خان پر کڑی تنقید

اسلام آباد: پاکستان میں عمران خان کی حکومت کے خلاف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا ایک اور بڑا جلسہ لاڑکانہ میں بے نظیر بھٹو کی 13 ویں برسی پر ہوا۔ اس جلسے سے مریم نواز کے خطاب کو حکومت مخالف تحریک کے نقطہ عروج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے این آر او مانگنے کیلئے اپنے میسنجر کو جیل میں قید شہباز شریف کے پاس بھیجا مگر ‘اس ہارے ہوئے اور تنہا کھڑے ہوئے شخص کو کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا‘۔ مریم نے لاڑکانہ کے عوام سے اپنے خطاب میں کہا، ”آپ کی بہن نواز شریف اور شہباز شریف کا محبت بھرا سلام لیکر آئی ہے۔ محبت بھرے استقبال پر آپ کا بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ کراچی میں بلاول کے مہمان کے کمرے کا دروازہ توڑا گیا تو بلاول بھٹو نے مجھے نوڈیرو ہاؤس اپنے گھر پر رکھا تاکہ کوئی حملہ نہ کر سکے۔لیگی نائب صدر نے کہا کہ جب ٹی وی پر محترمہ پر جان لیوا حملے کی خبر آئی، تو خبر سنتے ہی نواز شریف سب سے پہلے ہسپتال پہنچے۔ بے نظیر کی شہادت پر میری والدہ سمیت سب رو رہے تھے، میں نے تو کچھ سال اپنی والدہ کیساتھ گزارے لیکن بلاول نے بچپن میں ماں کو کھو دیا۔‘‘مریم نواز نے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ میں نے مشرف کو ایوان صدر سے نکالا، عمران خان کیا چیز ہیں؟ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ انہیں کچھ نہیں آتا۔ مریم کے بقول اپوزیشن مہنگائی کی بات کرے تو وزیراعظم کہتے ہیں کہ اپوزیشن فوج کو بدنام کر رہی ہے، عمران خان نے ہی ایک پیج کی تکرار کر کے فوج کو بدنام کیا ہے۔ مریم نواز نے دعوی کیا کہ مجرم ناکام شخص پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ اب عوام سلیکٹڈ کو نہیں چھوڑیں گے۔ ان کے بقول عمران خان نہ عوام کے نمائندے ہیں اور نہ منتخب وزیراعظم ہیں۔ ہم ہر ظالم اور جابر سے ٹکرائیں گے۔ اگر اس حکومت کو مزید وقت دیا گیا تو یہ لوگ ملک کا بیڑا غرق کر دیں گے۔ اگر 31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔بلاول نے مزید کہا،مجرم حکمرانوں کے احتساب کا وقت آ چکا ہے، لوگ دو وقت کی روٹی اور مزدور مزدوری کیلئے ترس رہا ہے لیکن اندھے اور بہرے حکمرانوں کو نہ کچھ نظر آ رہا ہے اور نہ سنائی دے رہا ہے۔ ڈھائی سال میں لیا گیا قرضہ بلند ترین ہے، اس حکومت کو لئے گئے قرضے کا حساب دینا ہوگا۔