میں کانگریس گروپ کا حصہ نہیں ہوں : جگاریڈی بہت جلد پارٹی ہائی کمان کو مکتوب استعفیٰ

   

حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی میں ان کے توہین سے واقف کرایا اور بہت جلد تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہونے کا ادعا کیا اور کہا کہ ان کا بیان جاری ہونے کے بعد وہ پارٹی گروپ کا حصہ نہیں رہیں گے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی اور جگاریڈی کے درمیان ابتداء سے سرد جنگ چل رہی ہے۔ جگاریڈی نے ریونت ریڈی کو تلنگانہ کانگریس کی صدارت سونپنے کی کھلی مخالفت کی تھی۔ وہ دو دن تک اپنے حامیوں سے مشاورت کرنے کے بعد پارٹی سے مستعفی ہوجانے کا من بھی بنا لیا تھا اور اپنے اس فیصلے سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے واقف کرایا تھا۔ تاہم پارٹی ہائی کمان نے انہیں جلدبازی میں کوئی فیصلہ نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ اس لئے انہوں نے کچھ دن مزید انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے مگر وہ کانگریس سے مستعفی ہونے کی پوری طرح تیاری کرلی ہے۔ جگاریڈی نے میڈیا کو بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وہ زندگی بھر کانگریس کا حصہ رہنے کا ٹھان چکے تھے مگر موجودہ حالت سے نہیں لگتا کہ وہ کانگریس میں رہ پائیں گے۔ وہ کانگریس سے مستعفی ہوکر آزادانہ طور پر عوامی خدمات انجام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس پارٹی قائدین سے اپیل کی کہ ان سے کوئی ملاقات کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اگر میری وجہ سے کانگریس کے کسی قائدین یا کارکنوں کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے تو وہ چاہتے ہیکہ ان کا روشن مستقبل رہے۔ وہ پارٹی میں رہے یا نہیں رہے۔ عظیم خاندان سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کا ہمیشہ احترام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بیان کی اجرائی کے بعد کانگریس گروپ کا حصہ نہیں رہیں گے۔ بہت جلد ورکنگ پریسیڈنٹ اور پارٹی کی رکنیت کا استعفیٰ مکتوب سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو روانہ کردیں گے۔ جگاریڈی نے اپنے مکتوب میں بتایا کہ انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے مگر ان کے اپنے پارٹی کے قائدین ان پر ٹی آر ایس کا مخبر ہونے کا مہر لگارہے ہیں جس سے انہیں کافی تکلیف پہنچی ہے۔ وہ معاشی طور پر کافی کمزور ہوگئے ہیں مگر ہرگز بکاومال نہیں ہے۔ سوشیل میڈیا میں پارٹی کے چند لوگوں کی جانب سے ان کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جارہی ہے۔ن