’’میں ہم جنس پرست ہوں‘‘ ،ایشین گیمس خاتون اتھیلیٹ دوتی چند کا انکشاف

   

نئی دہلی۔19 مئی (سیاست ڈاٹ کام)چمپئن ایتھلیٹ دوتی چند نے اتوار کو اپنی ذاتی زندگی سے منسلک ایک بڑا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہم جنس پرست ہیں اور ان کے ایک عورت کے ساتھ تعلقات ہیں جس سے وہ بے حد محبت کرتی ہیں۔100 میٹر ریکارڈ اور 2018 ایشیائی کھیلوں میں دو چاندی کے تمغے جیتنے والی ہندستان کی نوجوان ایتھلیٹ نے بتایا کہ وہ اپنے آبائی شہر اڈیشہ کے چاکا گوپال پور گاؤں کی رہنے والی ایک لڑکی سے محبت کرتی ہیں اور اس کے ساتھ ان کے تعلقات ہیں۔ دوتی نے اگرچہ اپنی گرل فرینڈ کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے ۔دوتی نے اخبار ’’سنڈے ایکسپریس ‘‘سے انٹرویو میں کہاکہ مجھے کوئی مل گیا ہے جس کے ساتھ میرے گہرے تعلق ہیں ۔ تمام زندگی میں ایسا ایک انسان ہونا چاہیے اور سب کو اس کی پسند کے شخص کے ساتھ رہنے کی اجازت ہونی چاہیے ۔ میں نے ہمیشہ ہم جنس پرستوں کے تعلقات کی حمایت کی ہے کیونکہ یہ کسی کی ذاتی پسند ہے ۔دوتی نے کہاکہ اس وقت میرا پورا دھیان عالمی چمپئن شپ اور اولمپک کھیلوں پر لگا ہے لیکن مستقبل میں اسی کے ساتھ اپنی زندگی گزارنا چاہتی ہوں۔ سال 2018 کے ایشیائی کھیلوں کی سلور فاتح دوتی پہلی ہندوستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ہم جنس پرست ہونے کی بات عوامی طور پر قبول کی ہے ۔ہندستان میں ہم جنس پرست شادی کے لیے کوئی امتیازی قانون نہیں ہے لیکن ان کے درمیان جنسی تعلقات پر کوئی روک بھی نہیں ہے ۔ دفعہ 377 کو ستمبر 2018ء میں عدالت عظمی نے جرم کے دائرے سے باہر کر دیا تھا۔دوتی نے کہا کہ عدالت عظمی کے گزشتہ سال آئے تاریخی فیصلے کے بعد ہی انہیں عوامی طور پر اپنے تعلقات کو تسلیم کرنے کی ہمت ملی ہے ۔