سنجے جاجو سے ورلڈ بینک ڈیجیٹل ایشیاء پیسیفک ریجنل ڈائرکٹر کی ملاقات، سائبر سیکوریٹی اور ڈیٹا سنٹرس میں توسیع کا جائزہ
حیدرآباد ۔3 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے ورلڈ بینک کے ڈیجیٹل ایشیا پیسیفک ریجنل ڈائرکٹر مہیش اتم چندانی سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ ریاست کے می سیوا مراکز میں ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ کا جائزہ لیا گیا۔ ڈیجیٹل گورننس ، آرٹیفشل انٹلیجنس ، سائبر سیکوریٹی ، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، نئے ڈیٹا سنٹرس کے قیام ، ٹی فائبر کی توسیع اور نوجوانوں کے لئے آئی ٹی سے مربوط روزگار کے مواقع پیدا کرنے جیسے امور پر بات چیت کی گئی ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ٹی فائبر کے توسیعی کاموں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے می سیوا مراکز پر عوام کیلئے معیاری ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سنجے جاجو نے کہا کہ می سیوا مراکز میں ڈیجیٹل خدمات میں اضافہ کے ذریعہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں ڈیجیٹل انڈیا اور وکست بھارت 2047 کے نشانوں کی تکمیل کے لئے ریاست میں می سیوا مراکز کو عصری بنانے پر غور کیا گیا۔ بھارت فیوچر سٹی میں نئے ڈیٹا سنٹرس کے قیام کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ سائبر سیکوریٹی اور ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ورلڈ بینک کے نمائندوں نے حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل گورننس کے شعبہ میں اصلاحات پر عمل آوری کی ستائش کی۔ سنجے جاجو نے کہا کہ می سیوا مراکز پر مختلف سرکاری خدمات کی موثر تکمیل کے لئے عصری سہولتوں سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹکنالوجی کے استعمال میں تلنگانہ حکومت میں عالمی سطح کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھا ہے۔ ورلڈ بینک کے نمائندوں نے 2000 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ضمن میں حکومت کو رپورٹ پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ سنجے جاجو نے ٹی فائبر پراجکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ شہری اور دیہی علاقوں میں براڈ بیانڈ کنکٹیویٹی میں توسیع اور ٹی فائبر کے توسیعی منصوبہ کی عاجلانہ تکمیل کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جوائنٹ سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی انودیپ درشتی ، ٹی فائبر کے مینجنگ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیدار نے شرکت کی۔ 1/k/i