کے سی آر پر چاڈا وینکٹ ریڈی کا الزام، کسانوں کیلئے احتجاج کا فیصلہ
حیدرآباد: سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نئی دہلی کے دورہ سے واپسی کے بعد سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کے مسائل پر خاموشی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے نئی دہلی میں کسانوں کے احتجاج سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے تلنگانہ میں ایک دن کا دھرنا منظم کیا تھا لیکن نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سے ٹی آر ایس کا موقف نرم ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو وضاحت کرنی چاہئے کہ وہ کسانوں کے ساتھ ہیں یا مرکزی حکومت کے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں علاقائی جماعتیں اپنی اہمیت کھو رہی ہے۔ سی پی آئی کی جانب سے 28 ڈسمبر کو ایس سی ایس ٹی سب پلان پر عمل آوری کیلئے کلکٹریٹس کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ 4 جنوری کو کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کلکٹریٹ کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسان اپنی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت سے محروم ہیں۔ کے سی آر نے قرضوں کی معافی اور دیگر وعدے کسانوں سے کئے تھے لیکن گزشتہ 6 برسوں میں ایک بھی وعدہ پر عمل نہیں کیا گیا ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے نئی دہلی میں جاری کسانوں کے احتجاج پر مرکزی حکومت کے بے حسی کے رویہ پر تنقید کی اور کہا کہ بی جے پی حکومت کسانوں میں پھوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔