نئی دہلی میں چندرا بابو نائیڈو کی بھوک ہڑتال مضحکہ خیز

   

اے پی چیف منسٹر منفی پروپگنڈہ سے عوام کو گمراہ کررہے ہیں بی جے پی قائد سدیش رام بھوٹلا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : بی جے پی قائد سدیش رام بھوٹلا نے نئی دہلی میں چیف منسٹر آندھرا پردیش کی بھوک ہڑتال کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ آج یہاں پارٹی آفس پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے سدیش رام بھوٹلا نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو بی جے پی سے متعلق منفی پروپگنڈہ کے ساتھ عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی کا گنٹور کا دورہ نہایت کامیاب رہا ۔ تاہم اسے برداشت نہ کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو خصوصی موقف کے لیے بھوک ہڑتال کرنے کا سیاسی ڈرامہ کررہے ہیں ۔ جس کا مقصد محض عوام کی ہمدردی حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے ریاست کی ترقی کے لیے فنڈس الاٹ کئے تھے لیکن چندرا بابو نائیڈو نے اسے نظر انداز کردیا اور اس کے بجائے ریاست کے ایک پیاکیج کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر نائیڈو کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جنہوں نے خصوصی موقف کے مسئلہ پر یو ٹرن لیا ہے ۔ بی جے پی قائد نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں اعلان کئے گئے اسپیشل پیاکیج کی ستائش کی تھی لیکن اب وہ ریاست کے لیے خصوصی موقف کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی توجہ ریاست سے زیادہ اپنے خاندان پر ہے ۔ انہوں نے مرکز سے بجٹ لیا ہے لیکن اے پی کے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔۔