نئی دہلی کے تلنگانہ بھون کے روبرو کانگریس قائدین کا دھرنا

   

برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ، پٹرولیم اشیاء کی قیمتوںمیں اضافہ کی مذمت
حیدرآباد۔7 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف نئی دہلی میں احتجاج منظم کیا ۔ تلنگانہ بھون کے باہر کانگریس قائدین جگا ریڈی ، ایم ششی دھر ریڈی ، پونالہ لکشمیا، مہیش کمار گوڑ ، جگدیشور راؤ اور دیگر قائدین نے برقی شرحوں میں اضافہ کی مخالفت میں نعرہ بازی کی ۔ احتجاجیوں کے ہاتھ میں پلے کارڈس تھے جن پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ درج تھا۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے فیصلوںکے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ ہائی کمان نے عوامی سطح پر جدوجہد کی ہدایت دی ہے۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن اب حکومت کٹوتی پر غور کر رہی ہے۔ گھریلو صارفین کیلئے برقی شرحوں میں اضافہ سے غریب اور متوسط طبقات بری طرح متاثر ہوں گے ۔ انہوں نے حیدرآباد میں کانگریس قائدین کو مکانات پر محروس رکھنے کی مذمت کی ۔ کانگریس قائدین نے برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری کا مطالبہ کیا ۔ اسی دوران رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے قومی شاہراہوں پر ٹی آر ایس کے احتجاج کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل حل کرنے کے بجائے مرکز کے خلاف احتجاج کرنا عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ملی بھگت کے ذریعہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ر