چیف منسٹر آج باریک چاول و نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کریں گے : اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائی این اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ نئے راشن کارڈ میں چپ (Chip) نہیں ہوگی، البتہ QR Code ہوگا۔ حکومت تمام مستحق افراد کو راشن کارڈ جاری کرے گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ اُگادی پر حکومت نئے راشن کارڈس و راشن شاپس سے باریک چاول کی سربراہی کا آغاز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے راشن شاپس سے باریک چاول فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا جس پر اُگادی سے عمل ہونے جا رہا ہے۔ راشن کارڈ ہولڈرس ریاست کے کسی بھی مقام سے باریک چاول حاصل کرسکتے ہیں۔ کارڈ رہو یا نہ رہو تمام لوگوں کو استفادہ کنندوں کی فہرست کے مطابق یکم اپریل سے باریک چاول تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل تک ریاست میں 89 لاکھ 73 ہزار 708 راشن کارڈس تھے۔ اب راشن کارڈس کی تعداد بڑھ کر 90 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جس سے 2.85 کروڑ افراد استفادہ کر رہے ہیں ۔ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کے بعد ریاست میں راشن کارڈس کی تعداد ایک کروڑ سے زائد ہوجائے گی۔ ریاستی اور مرکزی حکومت سے اشیائے ضروریہ کی تقسیم کیلئے 10 ہزار 665 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ بہت جلد چاول کے ساتھ دال، نمک، کے علاوہ دوسری اشیاء بھی فراہم کی جائیں گی ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اُگادی پر باریک چاول کی تقسیم کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈس پر وزیراعظم مودی کی فوٹو کے تعلق سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ 30 لاکھ نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے۔2