نئے راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے سہ رکنی کابینی کمیٹی کی تشکیل

,

   

٭ جاب کیلنڈر کو منظوری۔ آج اسمبلی میںاجرائی کا امکان
٭ دھرانی کے مسائل کا جائزہ ۔ آج ایوان میں مختصر مباحث
٭ نکہت زرین اور محمد سراج کو گروپ 1 ملازمت دی جائے گی
٭ ریاستی کابینہ کے فیصلے ۔ وزراء کی پریس کانفرنس

حیدرآباد یکم اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ نے ریاست میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کیلئے سہ رکنی کابینی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر نے آج پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ ریاستی کابینہ سے تشکیل دی گئی کابینی ذیلی کمیٹی میں وزیر سیول سپلائزکیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر دامودر راج نرسمہا وزیر صحت کے علاوہ پی سرینواس ریڈی شامل ہونگے۔ وزراء نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیاگیا کہ ریاست میں سفید راشن کارڈس کی اجرائی اور آروگیہ شری کارڈس کی علحدہ اجرائی کا مذکورہ کمیٹی جائزہ لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے کابینہ اجلاس میں جاب کیلنڈر کو منظوری دی جو کہ جمعہ کو تلنگانہ اسمبلی میں جاری کرنے کافیصلہ کیا گیا ۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ اجلاس میں دھرنی کے مسائل کا جائزہ لینے تشکیل دی گئی کمیٹی نے حکومت کو رپورٹ پیش کی جس کا کابینہ میں جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ اس پر 2اگسٹ کو اسمبلی میں مختصر مباحث کئے جائیں اس کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔انہو ںنے بتایا کہ کابینہ نے شہر حیدرآباد کے پینے کے پانی کے مسائل کو حل کرنے گوداری سے ملنا ساگر اور شاہ میرپیٹ تالاب سے پانی پہنچانے کو منظوری دی اور حمایت ساگر اور عثمان ساگر کو کارکرد بنانے 5ٹی ایم سی پانی استعمال کیا جائیگا جبکہ 10 ٹی ایم سی پانی شہر کی ضرورتوں کو پورا کرنے استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وائناڈ میں پیش آئے واقعہ میں فوت افراد کیلئے تعزیت پیش کی اور اس واقعہ پر گہرے افسوس وصدمہ کا اظہار کیا ۔کابینہ نے باکسر نکہت زرین اور کرکٹر محمد سراج کو گروپ I ملازمت کی فراہمی کو منظوری دی جبکہ ان دو کھلاڑیوں کے علاوہ ایتھلیٹس ایشا سنگھ کو شہر میں 600مربع گز اراضی اور گروپI ملازمت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت سے چند ماہ قبل فوت ڈی جی راجیو رتن کے فرزند کو کمشنر بلدیہ نامزد کرنے کا فیصلہ کیا اسی طرح حکومت سے اڈیشنل ڈی جی پی پی مرلی جو اپنی خدمات کے دوران فوت ہوئے ہیں ان کے فرزند کو تحصیلدار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت نظام شوگر فیکٹری کے احیاء کے اقدامات کا آغاز کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ میں مختلف محکمہ جات بالخصوص ڈسکامس کو بقایا جات کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نظام شوگر فیکٹری کے برقی بقایا جات کی اجرائی اور فیکٹری کے احیاء میں کابینہ نے منظوری دے کر کابینی سب کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے کر وزیر صنعت سریدھر بابو کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے جو کہ سب کمیٹی کے نگران ہیں۔اس کے علاوہ گوراویلی پراجکٹ کی تعمیر کو منظوری دے کر 2000 ایکڑ حصول اراضی کے اقدامات کی ہدایت دی گئی ۔3