نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا 23 فروری کو دورہ ورنگل

   

اے وی وی جونئیر کالج کی پلاٹنیم جوبلی تقریب میں شرکت ، ضلع کلکٹر نے انتظامات کا جائزہ لیا

ورنگل ۔/21فروری ( سیاسٹ ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے آر اینڈ بی انجینئرنگ عہدیداروں سے کہا کہ وہ فبروری 23تاریخ کو نائب صدر جمہوریہ ایم وینکنائیڈو کے دورہ ورنگل کے پیش نظر ان کے جانے کے تمام سڑکوں کے مرمتی کاموں کو فوری انجام دیں۔ہنمکنڈہ آر ٹس کالج سے عدالت تک ،ہنٹر روڈ ،پوتنا روڈ سے ہوتے ہوئے اے وی وی کالج کے احاطہ تک نائب صدر جمہوریہ ہند کی کانوائی جائے گی ۔اس راستے کے تمام روڈس کے مرمتی کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دیا جائے ۔ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے پولیس کمشنر ڈاکٹر وشواناتھ رویندر ،میونسپل کمشنر پمیلا ست پتی اور دیگر محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ نائب صدر کے دورہ کے انتظامات کا معائنہ کیا ۔کلکٹر نے پہلے صوبیداری میں واقع آر ٹس اینڈ سائنس کالج میدان میں ہیلی پیاڈ کا معائنہ کیا ۔کلکٹر نے کہا کہ میدان صاف ستھرا رکھا جائے اور مارننگ واک آنے والے افراد کو کوئی کچرا نہ ڈالے اس کے لئے اقدامات کریں ۔صوبیداری سے اے وی وی کالج کو کلکٹر کی ٹیم پہنچی ۔میدان میں شہ نشین ،باریکیڈس ،صاف صفائی اور دیگر کاموں کا معائنہ کیا ۔فائر انجن گاڑیاں ،موبائیل ٹائلٹس ،امبولنس ،طبی ٹیم کو تقریب کے مقام پر تیا ر رکھنے کی ہدایت دی ۔انہوں نے کہاکہ اے وی وی پلاٹنم جوبلی تقریب میں کو ن کون لوگ شریک ہونگے ان تمام لوگوں کو شناختی کارڈس جاری کئے جائیں ۔پولیس کمشنر ڈاکٹر رویندر نے کہا کہ شناختی کارڈ بتانے والوںکوہی اندر جانے کی اجازت دی جائے گی ۔اس سے متعلقہ فہرست کو پیش کرنے کی ہدایت دی ۔اہم باب الداخلہ پر کالج کے ملازمین کی شناخت کے لئے ایک خصوصی ملازم کو تیار رکھیں ۔اس موقع پر ڈی سی پی ناگا راجو ،ورنگل آر ڈی او وینکا ریڈی ،ایس بی اے سی پی سریندر ،اڈیشنل ڈی سی پی ملا ریڈی ،اے سی پی جتندر ریڈی ،سارنگا پانی اور دیگر موجود تھے ۔اس ضمن میں اے وی وی تعلیمی اداروں کے سکریٹری چند ا وجئے کمار نے پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اردو زبان میں تعلیم فراہم کئے جانے والے دور میں مادری زبان تلگو کی فراہمی کے لئے اس وقت کے نظام نواب کو منانے کے بعد 1945میں چاندا کانتیا اے وی وی تعلیمی ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ادارے قیام کے 75سال مکمل ہونے کو ہے اس سلسلے میں 23فروری کو اے وی وی کالج کی پلاٹنم جوبلی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ پلاٹنم جوبلی کا نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو افتتاح انجام دیں گے اور پلاٹنم جوبلی بلاک کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔