نادیہ کہف امریکہ کی پہلی باحجاب مسلمان خاتون جج

   

نیویارک : امریکی ریاست نیو جرسی کی سپریم کورٹ میں تعینات امریکی اٹارنی نادیہ کہف پہلی باحجاب مسلمان خاتون جج بن گئیں۔رپورٹ کے مطابق نادیہ کہف نے قرآن پاک کے اس نسخے پر ہاتھ رکھ کر حلف اٹھایا جو انہیں اْن کی دادی سے وراثت میں ملا تھا۔50 سالہ خاتون جج نادیہ کہف نے نارتھ جرسی نیوز آؤٹ لیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں اور اسے اپنے لیے باعث اعزاز سمجھتی ہوں، مجھے خوشی ہے کہ عدالت کا بینچ نیو جرسی کے تمام رہائشیوں کی نمائندگی کرے گا‘۔نادیہ کہف کی اسپیشلائزیشن فیملی لا میں ہے اور وہ امیگریشن کیسز پر بھی کام کر چکی ہیں، 2003 سے وہ کونسل آن امریکن ۔ اسلامک ریلیشنز کے نیو جرسی بورڈ میں خدمات انجام دے رہی ہیں، یہ ایک مسلم شہری حقوق کی تنظیم ہے۔ایک سال کے انتظار کے بعد اب نادیہ کہف نیو جرسی کی پاساک کاؤنٹی میں سپریم کورٹ کی جج بن گئی ہیں، انہیں نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے نامزد کیا تھا۔انہوں نے اپنی حلف برداری کی تقریب کے دوران کہا کہ ’مجھے امریکی ریاست نیو جرسی میں مسلم اور عرب کمیونٹی کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، میں چاہتی ہوں کہ نوجوان نسل یہ دیکھے کہ وہ اپنے مذہب پر کسی خوف کے بغیر عمل کر سکتے ہیں‘۔