ضلع میں صرف 11 عازمین کا انتخاب ، باقی درخواست گذاروں کو بھی موقع دینے کا مطالبہ
نارائن پیٹ ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ضلع حج سوسائٹی کا ایک نمائندہ وفد ، صدر حج سوسائٹی جناب الحاج محمد امیرالدین ایڈوکیٹ و معتمد عمومی الحاج عثمان عبیداللہ صدیقی مجاہد پر مشتمل تھا آج حج ہاؤز حیدرآباد پہنچ کر اسٹنٹ چیف ایگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد عرفان شریف سے ملاقات کرتے ہو ئے نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ حج 2027 کے لئے نارائن پیٹ ضلع سے جملہ 37 عازمین نے حج بیت اللہ کے لئے اپنی درخواستیں داخل کی تھیں تا ہم صرف گیارہ عازمین کا قرعہ کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا ہے ، اور 26 عازمین ویٹنگ لسٹ میں شامل ہیں ، وفد نے اسٹنٹ سی ای او حج کمیٹی سے درخواست کی کہ ماباقی 26 عازمین کو بھی جو ویٹنگ لسٹ میں ہیں اُنہیں بھی خوش نصیب عازمین میں شامل کریں ۔ محمد عرفان شریف نے وفد کو تیقن دیا کہ ویٹنگ لسٹ میں شامل نارائن پیٹ کے تمام عازمین کو انشاء اللہ ضرور بہ ضرور موقع دیا جائیگا ،جیسا کے گذشتہ سال ویٹنگ لسٹ میں شامل زیادہ سے زیادہ عازمین کو موقع ملا تھا ، انہوں نے وفد کو یہ خوش خبری بھی سنائی کہ اب کی مرتبہ تمام عازمین کے لئے فریضہ حج بیت اللہ کے دوران کھانے کا انتظام بھی حج کمیٹی تلنگانہ کی جانب سے کیا جائیگا ،اور جو عازمین سفر حج کی مدت 20 دن کے لئے درخواست داخل کی ہے انہیں حرمین شریفین کے قریبی ہوٹل میں قیام کا موقع فراہم کیا جائیگا، انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت حج 2027 کے لئے ریاست کے عازمین کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ، انہوں نے منتخب عازمین سے اپیل کی کہ وہ وقت مقررہ سے قبل اپنی قسطیں بنک میں جمع کرواتے جائیں اور کسی قسم کے اندیشوں میں مبتلا نہ ہوں اور کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو تو راست حج کمیٹی ، حج ہاوز سے رجوع ہوں ،اس موقع پر محمد اعجاز مڑکی ودیگر وفد میں شامل تھے ۔