نارائن پیٹ: شوہر کو آگ لگاکر ہلاک کرنے والی بیوی گرفتار

   

نارائن پیٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ کے منڈل مریکل پولیس نے رامولماں کو گرفتار کیا ہے، اس پر الزام ہے کہ اس نے اپنے شوہر پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی تھی، یہ واقعہ مریکل پولس اسٹیشن کے حدود میں موضع مدوار میں پیش آیا ، ڈی ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این لنگیا نے پولیس اسٹیشن میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں اس کیس کی تفصیلات کا انکشاف کیا۔مدوار کے ٹی بالاسوامی (46) کھیتی باڑی کر کے روزی کماتا تھااسکی شادی تقریباً 28 سال قبل رامولماں سے ہوئی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ پولیس کی تفتیش کے مطابق، شوہر اور بیوی کے درمیان اس بات کو لے کر اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے کہ بالاسوامی کے گاؤں کی ایک اور خاتون کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات ہیں ،انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں، رامولماں ، جو اپنے شوہر سے ناراض ہو گئی تھیں،چنانچہ اس نے اپنے شوہر کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔ 24 ستمبر 2026 کی آدھی رات کے بعد جب بالاسوامی گھر میں سو رہا تھا اس کی بیوی نے گھر میں زرعی کام کے لیے رکھا ہوا پیٹرول اس پر ڈالا اور اسے آگ لگا دی۔ اس واقعے میں بالا سوامی شدید جھلس گیا ، اسکو پہلے محبوب نگر کے سرکاری اسپتال اور بعد میں بہتر علاج کے لیے حیدرآباد کے عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔ بالا سوامی کی 25 ستمبر کو وہاں علاج کے دوران موت ہوگئی۔تاہم، رامولماں نے ابتدائی طور پر اس واقعے کے بارے میں پولیس کو جو تفصیلات فراہم کیں اس سے شکوک پیدا ہوئے، اس لیے پولیس نے مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی طور پر بتایا کہ نامعلوم شخص نے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا، اسے چاقو سے ڈرایا اور اس کے شوہر کو آگ لگا دی۔ تاہم عینی شاہدین کے بیانات، جائے وقوعہ پر جمع کیے گئے شواہد اور دیگر تفصیلات کی جانچ کے بعد تفتیش جاری رہی اور قتل میں رام لماں کا کردار سامنے آیا۔تحقیقات کے بعد جمع کیے گئے شواہد کی بنیاد پر ملزم رامولماں کو حراست میں لے کر 15 اکٹوبر کو پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ملزم کے خلاف 103(1)، 238 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اسے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔