نارائن پیٹ ضلع کلکٹر ہری چندنا کا عہدیداران سے خطاب

   

نارائن پیٹ۔ دنیا میں ایک نیا وائرس مختلف ممالک میں ظاہر ہوا ہے اور وہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کے لئے ضروری ہوگیا ہے کہ ضلع بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے تمام افراد اس مہلک مرض سے بچاؤ کے لئے کووڈ ویکسین لے لیں۔ ان خیالات کا اظہار شریمتی ہری چندنا، آئی اے ایس، ضلع کلکٹر، نارائن پیٹ نے نارائن پیٹ کے وارڈ نمبر 2 اور 11 کے علاوہ منڈل دھنواڑ اور مدور کے مواضعات میں جاری ٹیکہ اندازی پروگرام کا معائنہ کرنے کے بعد عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ نیا وائرس اومی کرون ویرینٹ، کورونا کے بعد مہلک وبائی وائرس ہے۔ جو انتہائی خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والا وائرس ہے۔ بعد ازاں انہوں نے محکمہ ہیلت کے عہدیداروں کے ہمراہ گھر گھر گھوم کر عوام کو ٹیکہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ہیلت ورکرس، آشاورکرس اور آنگن واڑی ٹیچرس کو متحرک کیا گیا ہے کہ وہ گھر گھر گھوم کر عوام کو ٹیکہ لینے کی ترغیب دیں اور جو لوگ ابھی تک ٹیکہ نہیں لئے ہیں ان کی نشاندہی کریں اور ان میں شعور بیدار کریں۔ بصورت دیگر انہیں دیگر ذرائع سے تنبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اندرون 6 ڈسمبر ضلع بھر میں صد فیصد کورونا ٹیکہ اندازی کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوامی قائدین اور سماجی کارکنوں کو بھی اس سلسلہ میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر اڈیشنل کلکٹر مسٹر چندرا ریڈی، ضلع ہیلت فیسر ڈاکٹر رام منوہر، ڈاکٹر شیلجا، کرشنا چاری اور گوندراجن و دیگر موجود تھے۔