نارائن پیٹ عید گاہ کی جدید تعمیر کیلئے 2.5 کروڑ کی منظوری

   


عنقریب سنگ بنیاد، رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کا انکشاف، اقلیتی قائدین کا اظہار تشکر
نارائن پیٹ ۔ 11 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے اپنے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ نارائن پیٹ کی قدیم عیدگاہ کی توسیع و جدید تعمیر کے لئے اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈ سے 2.5 کروڑ روپے کی منظوری عمل میں آئی ہے۔ انہوں نے سرکاری اعلامیہ کی کاپی بھی اخباری نمائندوں کو بتائی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قدیم عیدگاہ کی توسیع و تعمیر جدید کے کاموں کا سنگ بنیاد عنقریب ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی رکھیں گے۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ 20 اکتوبر کو ریاستی وزیر آئی ٹی و میونسپل کے تارک راما راؤ کے دورہ نارائن پیٹ اور ضلع کلکٹریٹ کی نئی عمارت اور ضلع ایس پی دفاتر کے لئے سنگ بنیاد رکھیں گے اور اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی بھی ان کے ہمراہ تشریف لائیں گے۔ ان دونوں تقاریب میں مذکورہ ریاستی وزراء سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس سلسلے میں آج ایم ایل اے کیمپ آفس میں مقامی ٹی آر ایس اقلیتی قائدین نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرتے ہوئے پروگرام کی تفصیلات سے اخباری نمائندوں کو واقف کروایا اور نارائن پیٹ قدیم عیدگاہ کی بڑے پیمانے پر توسیع و تعمیری کاموں پر ریاستی حکومت اور رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر صدر ٹاؤن ٹی آر ایس وجئے ساگر، اقلیتی قائدین، محمود انصاری، محمد فیروز، محمد عارف، محمد چاند، فضیلت، خالد صدیقی، عبدالواحد و دیگر موجود تھے۔