نارائن پیٹ میں بچہ مزدوری کیخلاف کارروائی

   

آپریشن مسکان ٹیم کے دھاوے، ضلع ایس پی این وینکٹیشورلو کا بیان

نارائن پیٹ 6 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع میں آپریشن مسکان IX ٹیم کے دھاؤں میں 5 بچہ مزدوروں کو رہا کروالیا گیا۔ تفصیلات کے بموجب نارائن پیٹ ضلع پولیس کے آپریشن مسکان IX ٹیم نے نارائن پیٹ، اوٹکور اور مکتھل منڈلوں کے مختلف مقامات سے 5 چائیلڈ لیبرس کو گرفتار کرلیا جن میں 4 لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں۔ ان بچہ مزدوروں کو مختلف مقامات کے ہوٹلوں، دوکانات اور چرواہوں کے طور پر کام کررہے تھے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا اور انھیں سی ڈبلیو سی کے دفتر کے حوالہ کردیا گیا جنھیں چائیلڈ ویلفیر کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا اور ان بچوں کے والدین و سرپرستوں کی کونسلنگ کے بعد جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بچہ مزدوری کے مرتکب مالکین اور والدین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہاکہ بچپن بہت قیمتی ہوتا ہے اور اس عمر میں بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے لئے حکومت نے مختلف سرکاری اسکول اور اقامتی اسکول کھول رکھے ہیں جس میں مفت تعلیم، رہائش، کھانا، کپڑا فراہم کیا جاتا ہے۔ انھوں نے والدین کو انتباہ دیا کہ بچوں کو جن کی عمر کھیلنے کودنے اور پڑھنے اور سیکھنے کی ہوتی ہے، تھوڑی سی قیمت پر انھیں مزدوری پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جہاں بھی بچوں کو مزدوری کرتا دیکھیں ڈائیل 100 پر کال کرکے اطلاع دیں۔