نارائن پیٹ میں قومی طمانیت روزگار کے کاموں کا جائزہ

   

انفرادی اور کمیونٹی بیت الخلاؤں کی تعمیر کا بھی معائنہ :ضلع کلکٹر چندنا داسری

نارائن پیٹ۔8 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا داسری ، آئی اے ایس نے نارائن پیٹ ضلع کے منڈل دھنواڑہ کے مواضعات ، رام کشٹیا پلی ، کشٹا پور اور گوٹور گرام پنچایتوں میں نرسری اور قومی طمانیت روزگار اسکیم کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا ۔ ضلع کلکٹر نے موضع رام کشٹیا پلی میں دیہاتیوں کی جانب سے انفرادی بیت الخلاؤں، کمیونٹی بیت الخلاؤں اور پارک کی تعمیری کاموں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں روزگار فراہم نہ ہو تو سرکاری کاموں جیسے پہاڑوں کو مسطح کرنا ، کلورٹوں کی تعمیر ، نرسری کی تعمیری و دیگر کاموں کی نشاندہی کرنے ، انہیں قومی طمانیت روزگار اسکیم کے تحت حکومت کی جانب سے مزدوروں کو کام فراہم کئے جائیں گے جس سے روزگار بھی فراہم ہوگا اور گاؤں کو ترقی بھی دی جاسکے گی ۔ موضع گوٹور میں طمانیت روزگار اسکیم کے تحت ڈمپنگ کی تعمیری کاموں کا ضلع کلکٹر نے معائنہ کیا ۔ دیہاتوں نے ضلع کلکٹر سے شکایت کی کہ گاؤں میں جنگل سے بہت سارے بندر آکر مکینوں کو پریشان کررہے ہیں ، ضلع کلکٹر نے تیقن دیا کہ بندروں کو جنگل میں چگنے اور انہیں غذا فراہم کرنے کیلیء حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ دیہی عوام کو یہ پریشان نہ کریں ۔ دیہاتوں نے ضلع کلکٹر سے مطالبہ کیا کہ ان کی محنت سے کاشت کی گئی دھان کی خریداری کے لئے کوئی قریبی مراکز بنایا جائے ۔ ضلع کلکٹر نے دھنواڑہ کے خصوصی عہدیدار سے بات کر کے اس مسئلہ کے حل اور یکسوئی کرنے کا وعدہ کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر کے ہمراہ ، ڈی آر او محترمہ کالیندنی ، ایم پی ڈی او ششی کلا ، اسپیشل آفیسر یادیا گوڑ ، دھنواڑہ تحصیلدار فارسٹ آفیسر وجئے و دیگر موجود تھے ۔