نارائن پیٹ میں نرسنگ کالج کی منظوری کا مطالبہ

   

حکومت سے رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کی نمائندگی
نارائن پیٹ۔ 12؍فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی نے تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کرسیٔ صدارت سے اپیل کی کہ نارائن پیٹ میں گورنمنٹ ضلع ہاسپٹل کا تعمیراتی کام جاری ہے۔ چنانچہ نارائن پیٹ ضلع کے لئے میڈیکل کالج کے ساتھ ایک نرسنگ کالج کی منظوری دینے ریاستی وزیر صحت کے ہریش راؤ سے بھی درخواست کی۔ انھوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ایک میڈیکل کالج اور ایک نرسنگ کالج منظور کیا جارہا ہے۔ نارائن پیٹ کے لئے بھی میڈیکل کالج کے ساتھ ایک نرسنگ کالج بھی منظور کیا جائے۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع کے لئے فیس تھری میں میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج کی منظوری دی جائے گی۔ رکن اسمبلی ایس راجندر ریڈی کی جانب سے اسمبلی میں نارائن پیٹ ضلع کے نرسنگ کالج کے لئے مؤثر نمائندگی کرنے پر حلقہ میں زبردست ستائش کی جارہی ہے اور نارائن پیٹ ضلع کی تیز رفتار ترقی کے لئے رکن اسمبلی و ریاستی حکومت کی کاوشوں کو سراہا جارہا ہے۔