نارائن پیٹ : کسمپرسی کے شکار بیڑی مزدوروں کا زبردست احتجاج

   

کے سی آر حکومت پر وعدہ فراموشی کا الزام ، وظائف ، اسکالرشپس اور دیگر مراعات کا مطالبہ ، آر ڈی او کو یادداشت
نارائن پیٹ /5 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ ضلع کے مریکل منڈل کے تحصیلدار دفتر کے روبرو بیڑی مزدوروں نے اپنے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کیلئے زبردست دھرنا پروگرام منظم کیا۔ جس میں سینکڑوں بیڑی مزدوری نے حصہ لیا ۔ قبل ازیں بیڑی مزدوروں نے مریکل مستقر کے اندرا گاندھی اسکوائر سے تحصیل آفس تک بڑے پیمانے پر ریالی نکالی ۔ اس موقع پر سی پی آئی نارائن پیٹ ضلع سکریٹری مسٹر کوننڈنا اور اے آئی ٹی یو سی بیڑی لیبر یونین کے ریاستی نائب صدر مسٹر پی وینکٹیش نے اپنے خطاب میں کہا کہ کے سی آر حکومت کی تشکیل کے بعد بیڑی مزدوروں کو وظائف کی اجرائی اور امکانات کیلئے اراضی کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن دس سال گذرجانے کے باوجود ان وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ۔ چنانچہ آج بیڑی مزدور معاشی اعتبار سے سب سے زیادہ بچڑا ہوا طبقہ ہے اور اکثر مزدور بھوک مری کا شکار ہوکر روزگار کیلئے پڑوسی ریاستوں کا رخ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر سرکار مالی معاملات میں ہیرا پھیری کا شکار ہے اور مستحق افراد کو چھوڑ کر عارضی طور پر مالداروں کو ہی فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان دس سالوں میں بیڑی مزدوروں کو نہ وظائف جاری کئے گئے اور نہ ایک انچ اراضی دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں متحدہ ضلع محبوب نگر میں منظور شدہ مکانات کو چھوڑکر ایک بھی مکان کی منظوری نہیں دی گئی ۔ انہوں نے ریاستی و مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بیڑی مزدوروں کی ہاوزنگ اسکیم کو دوسرے طرف موڑ دیا گیا ۔ ضلع نارائن پیٹ میں محکمہ لیبر کے عہدیداروں کی لاپرواہی کے سبب بڑی صنعت میں کام کرنے والے مزدوروں کو شناختی کارڈ تک نہیں دئے گئے ۔ انہوں نے محکمہ لیبر افسران پر الزام لگایا کہ حکومت کی بیڑی مزدوروں کیلئے دی گئی رعایات کو اور لیبر قواین پر عمل درآمد تک نہیں کیا جارہا ہے ۔ ریاستی و مرکزی حکومت نے بیڑی مزدوروں کے بچوں کو اسکالرشپ کی اجرائی کا بھی وعدہ کیا تھا ۔ تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔ انہیں طبی سہولت یا بیماری کی صورت میں علاج معالجہ کیلئے سہولت نہیں دی گئی ۔ چنانچہ یہ غریب مزدور خانگی ہاسپٹلوں میں ہزاروں روپئے خرچ کرکے اپنا علاج کرواتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع میں ایک بھی ای ایس آئی ڈسپنسری قائم نہیں کی گئی ۔ بعد ازاں ان مزدوروں نے سی پی آئی اور اے آئی ٹی یو سی تنظیموں کے بینر تلے ایک یادداشت آر ڈی او نارائن پیٹ مسٹر رامچندر نائیک کے حوالے کی ۔ آر ڈی او کے علاوہ مریکل منڈل کے تحصیلدار مسٹر وجئے راما کو بھی ایک کاپی حوالے کی گئی ۔ اس موقع پر بیڑی ورکرس کے قائدین بالاکرشنا ، شریمتی لکشمماں ، چندرا شیکھر ، شریمتی انجماں ، اوما دیوی ، ریاض بیگم کے علاوہ سینکڑوں بیڑی مزدور شریک تھے ۔