نارائن پیٹ کی ترقی بی آر ایس کا کارنامہ

   

کارکنوں کی جانب سے موٹر سائیکل ریالی ، ایس راجندر ریڈی کا خطاب

نارائن پیٹ۔17 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندراشیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ سے بی آر ایس پارٹی اُمیدوار کی حیثیت سے مسٹر ایس راجندر ریڈی کو بی فارم حوالے کرنے پرحامیوں اور حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ کے بی آر ایس پارٹی قائدین کی جانب سے ایک زبردست موٹر سائیکل ریالی نکالی گئی جو نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی کے مختلف مواضعات کا احاطہ کرتے ہوئے نارائن پیٹ ٹاؤن کے نرسی ریڈی چوراہا پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر حلقہ اسمبلی بی آر ایس پارٹی کے امیدوار مسٹرایس راجندر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارائن پیٹ میں مختلف ترقیاتی کاموں کو انجام دیا گیا ہے۔ نارائن پیٹ ضلع میں میڈیکل کالج کی منظوری ،نارائن پیٹ ضلع کی تشکیل ، نارائن پیٹ روڈ وینڈنگ ، ایگریکلچر پالی ٹیکنیک کالج کا قیام ودیگر کارنامہ صرف اور صرف بی آر ایس پارٹی سے ہی ممکن ہوئے ہیں۔ انہوں نے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق میں حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ سے دو مرتبہ مقابلہ کرچکے ہیں۔ اور تیسری مرتبہ بھی بی آر ایس امیدوار کے طور پر نارائن پیٹ سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان کے حق میں ووٹ دینے کی عوام سے اپیل کی۔ تقریر کے دوران انہوں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے مختلف اسکیمات کا ذکر کیا۔ اس موقع پر ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ انتخابات کے پیش نظر چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھر راؤ نے ایک شاندار منشور پیش کیا ہے، جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ایس راجندر ریڈی نے بی فارم دینے پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ہے۔ بائیک ریالی میں سینکڑوں کی تعداد میں بی آر ایس پارٹی سے وابستہ قائدین نے شرکت کی۔ اور بی آر ایس پارٹی قائدین میں ایس راجندر ریڈی کو بی فارم دینے پر خوشی کا ماحول دیکھا گیا۔