نارا لوکیش کی 400 دن کی پد یاترا کا 27 جنوری سے آغاز

   


کپم سے اچھا پورم تک یاترا کا مقصد تلگو دیشم کا استحکام
حیدرآباد ۔29 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش آندھراپردیش میں پارٹی کے استحکام کیلئے عوام سے رابطہ مہم کے تحت 27 جنوری سے پد یاترا کا آغاز کریں گے ۔ پد یاترا کا مقصد نوجوانوں کو تلگو دیشم سے قریب لانا ہے۔ صدر تلگو دیشم اور سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے جگن موہن ریڈی حکومت کے خلاف اضلاع کے دوروںکا آغاز کردیا ہے اور انہوں نے غیر معمولی عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ یاترا کے پروگرام کے مطابق کپم حلقہ سے 27 جنوری کو پد یاترا کا آغاز ہوگا۔ نارا لوکیش 400 دنوں تک پد یاترا جاری رکھتے ہوئے سریکاکلم ضلع کے اچھاپورم میں پد یاترا ختم کریں گے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اچھاپورم سابق میں بھی قائدین کی پد یاترا کے اختتام کا مقام بن چکا ہے۔ آنجہانی ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی ، چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی اور وائی ایس شرمیلا اچھاپورم میں اپنی پد یاترا کا اختتام کرچکے ہیں۔ تلگو دیشم قائدین کو یقین ہے کہ کپم سے اچھاپورم کی پد یاترا سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلگو دیشم کی کامیابی کی راہ ہموار ہوگی ۔ تلگو دیشم آندھراپردیش کے صدر کے اچن نائیڈو نے بتایا کہ پد یاترا سے ریاست کی سیاسی میں اہم تبدیلیاں واقع ہوں گی۔ پد یاترا کے دوران بیروزگار نوجوانوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مسائل پر توجہ دی جائے گی۔ر