نام بڑے درشن چھوٹے: عوامی قرض کے معاملے میں امریکہ دنیا میں سرفہرست

   

41 ٹریلین ڈالر قرض واجب الادا، ہندوستان کا قرض 3 ٹریلین ڈالر سے متجاوز
حیدرآباد، 19 نومبر (سیاست نیوز): امریکہ خود کو سپر پاور اور دنیا میں ہر اعتبار سے مضبوط و مستحکم ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن معیشت کی عوامی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔ نام بڑے درشن چھوٹے کے مصداق دنیا بھر پر کنٹرول کرنے اور حکمرانی کا خواب دیکھنے والا امریکہ دنیا میں سب سے زیادہ مقروض ملک ہے۔ دنیا کے 10 ایسے ممالک کی نشاندہی کی گئی جن کا عوامی قرض دیگر ممالک کے مقابلے زیادہ ہے۔ عوامی قرض یا حکومت کے ذمہ واجب الادا قرض کے معاملے میں امریکہ دنیا میں سرفہرست ہے۔ امریکہ کا عوامی قرض 41.5 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ امریکہ کی طرح چین بھی دنیا کے ہر معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے خود کو ایک طاقتور ملک اور خوشحال ملک ثابت کرنا چاہتا ہے ، لیکن عوامی قرض کے معاملے میں وہ دوسرے نمبر پر ہے اور چین کا عوامی قرض 22.5 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جاپان اس معاملے میں تیسرے نمبر پر ہے ، جاپان کا عوامی قرض 8.7 ٹریلین ڈالر ہے۔ برطانیہ 4.4 ٹریلین ڈالر کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔ فرانس کا عوامی قرض 4.2 ٹریلین ڈالر ہے ، جبکہ اٹلی 3.7 ٹریلین ڈالر، جرمنی 3.5 ٹریلین ڈالر، ہندوستان 3.4 ٹریلین ڈالر کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔ کینیڈا اور برازیل اس فہرست میں آخری نمبر پر ہیں۔ کینیڈا کا عوامی قرض 2.9 ٹریلین ڈالر اور برازیل کا 2.6 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی بڑی معیشتوں نے زائد قرض حاصل کیا ہے تاکہ اپنے ملک کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بڑے ممالک نے عوام کی فلاح و بہبود کی اسکیمز سے زیادہ دفاعی اخراجات پر مصارف کو بڑھا دیا ہے ، جس کے نتیجے میں حکومتوں کو قرض حاصل کرنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔1/m/b