ناگول ، بالاپور ، گھٹکیسر، وجئے نگر کالونی اور پیراماؤنٹ کالونیوں میں سرقہ کی سنگین وارداتیں

   

6 لاکھوں روپئے مالیاتی زیورات و نقد رقم کا سرقہ ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد اور اس کے اطراف کمشنریٹ میں پیش آئی سرقہ کی چار سنگین وارداتیں جس میں سارقین نے لاکھوں روپئے مالیتی طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ علاقہ ناگول میں سارقین نے 73 سالہ سورنا لتا کے مکان میں داخل ہوکر اس کے ہاتھ پیر باندھ دیئے اور منہ پر ٹیپ چسپاں کرکے چاقو کی نوک پر گلے میں موجود 9 تولے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایک اور واقعہ میں بالا پور گرین سٹی کالونی میں سارقین نے معین الدین احمد کے مکان کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنے مکان میں موجود نہیں تھے اور اپنے بیٹے کو دواخانہ لے گئے۔ سارقین نے آج صبح 10 بجے قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوکر 16 تولے طلائی زیورات اور 44 ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ اسی طرح گھٹکیسر این ایف سی نگر میں بھی ایک خاتون کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے بموجب 26 سالہ سدھا اپنے مکان میں تنہا تھی کہ نامعلوم سارقین نے مکان میں داخل ہوکر اس کے گلے سے 4 تولے وزنی منگل سوتر کا سرقہ کرلیا۔ شہر حیدرآباد کے علاقہ وجئے نگر کالونی ، ہمایوں نگر میں بھی سارقین نے ایک وکیل کے گھر کو نشانہ بنایا۔ پولیس ہمایوں نگر کے بموجب 30 سالہ عتیق الرحمن ساکن وجئے نگر کالونی 12 جنوری کو اپنا مکان جزوی طور پر خالی کرکے گھریلو سامان ، پیراماؤنٹ کالونی منتقل کیا۔ 13 جنوری کو بھی کچھ سامان اپنے نئے مکان میں منتقل کرکے پرانے مکان کو مقفل کردیا تھا۔ سارقین نے وجئے نگر کالونی کے مکان کو نشانہ بناتے ہوئے قفل شکنی کے ذریعہ 2 لاکھ 50 ہزار روپئے نقد رقم کا سرقہ کرلیا۔ پولیس ہمایوں نگر نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرلیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔