ناگپور ۔ جمعرات کی دوپہر ناگپور شہر میں دھماکہ خیز مواد بنانے والی فیکٹری میں اچانک دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے وقت فیکٹری میں کئی مزدورکام کررہے تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فیکٹری میں کام کرنے والے کم ازکم 4 سے 5 مزدور جاں بحق ہو ئے ہیں جب کہ متعدد مزدور زخمی ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں اور ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی ہیں اور اندر پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ دھماکہ ناگپور کے دھامنہ علاقے میں واقع چامنڈی گن پاؤڈر کمپنی میں دوپہر تقریباً 1.30 بجے ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی گونج قریبی علاقوں میں سنی گئی۔ دھماکے کے بعد فیکٹری میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ جس کا دھواں کئی کلومیٹر دور تک دیکھا گیا۔ مقامی لوگوں نے فائر بریگیڈ کو دھماکے کی اطلاع دی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے اب تک کچھ جھلس جانے والے مزدوروںکو بچا لیا ہے جنہیں علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ تقریباً 2 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ تادم تحریر فائر انجن موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ جس وقت فیکٹری میں دھماکہ ہوا اس وقت اندر کئی مزدور موجود تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ مرنے والوں میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کئی انتظامی عہدیدار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔تادم تحریر کئی گھنٹوں کی کوشش کے باوجود حالات کو قابو میں رکھنے میں مشکل پیش آرہی تھی اور حادثہ کی وجہ بھی ہنوز معلوم نہ ہوسکی ۔