ناگیندر کی نا اہلی ‘ چیف منسٹر اور اسپیکر اسمبلی مستعفی ہوجائیں

   

ریونت ریڈی اور پرساد کمار کو ذمہ داری قبول کرنی چاہئے ۔ امجد اللہ خاں خالد کا رد عمل
حیدرآباد 24 ستمبر ( پریس نوٹ ) ترجمان مجلس بچاؤ تحریک جناب امجد اللہ خان خالد نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے ڈی ناگیندر کی نا اہلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سارے معاملہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کو ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نہ صرف اپنے عہدوں سے بلکہ اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ امجد اللہ خاں خالد نے ڈی ناگیندر کے خلاف تلنگانہ ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنے رد عمل میں کہا کہ عدالت کے فیصلوں سے ریاست میں سیاسی احتساب اور جوابدہی کے عمل پر سنگین سوالات پیدا ہوگئے ہیں اور رائے دہندوں کی جانبس ے دی جانے والی رائے کا تحفظ کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے اسپیکر جی پرساد کمار کی جانب سے ڈی ناگیندر کو کلین چٹ ختم کرتے ہوئے انہیں اسمبلی کی رکنیت سے نا اہل قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ناگیندر اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے اور سپریم کورٹ نے بھی ان کو کوئی راحت نہیں دی اور ہائیکورٹ کے نا اہلی کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے ۔ امجد اللہ خاں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کو اپنے اقدامات کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے اور نہ صرف اپنے عہدوں سے بلکہ اسمبلی کی رکنیت سے بھی انہیں مستعفی ہوجانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر کانگریس کی اعلی قیادت کو بھی جواب دینے کی ضرورت ہے کہ اس سے رائے دہندوں کو کیا پیغام جاتا ہے ۔ امجد اللہ خاں نے کہا کہ اگر کوئی شخص ایک جماعت کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوتا ہے تو اسے عوام کی رائے سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے ۔ سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا فیصلہ دوسرے تمام ارکان اسمبلی کیلئے ایک سبق ہونا چاہئے اور انہیں اپنے فیصلوں اور اقدامات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔