نارتھ کیرولیئنا: شہد ایک مکمل غذا اور شفایاب نعمت ہے لیکن امریکہ میں نارتھ کیرولیئنا کے ایک مخصوص حصے میں شہد کی مکھیاں سنہرا، سیاہ یا روایتی رنگت والے شہد کی بجائے جامنی رنگ کا شہد پیدا کرتی ہیں۔ اب تک اس کی درست ترین وجہ بھی سامنے نہیں آسکی ہے۔یہ شہد نارتھ کیرولیئنا کے ریتیلے ٹیلوں والے خطوں میں پیدا ہوتا ہے جو سائنس فکشن فلموں کی طرح کسی خلائی مخلوق کا لعاب معلوم ہوتا ہے۔ لیکن جامنی شہد اب بہت مشہور ہے اور دنیا بھر کے صارفین اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ لیکن یہ انتہائی نایاب بھی ہے۔ذائقے میں یہ روایتی شہد سے زیادہ میٹھا ہے جس کی وجہ علاقے میں پائے جانے والے مخصوص پھل ہوسکتے ہیں جن کا رس مکھیاں چوستی ہیں۔ ریڈاِٹ ویب سائٹ پراس شہد کی بوتلوں کی بعض تصاویر وائرل ہوئیں جس کے بعد اس پر مزید بحث چھڑگئی ہے۔