نتن یاہو کو کنیسٹ میں اکثریت : الیکشن کمیشن

   

تل ابیب : اسرائیلی الیکشن کمیشن نے رپورٹ کیا کہ حتمی نتائج سے پتہ چلتا ہیکہ سابق وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کی قیادت میں بلاک نے 120 رکنی کنیسٹ میں 64 نشستوں کی اکثریت حاصل کرلی ہے۔جمعرات کو سبکدوش ہونے والے اسرائیلی وزیر اعظم یائر لاپیڈ نے ’’لیکود‘‘ پارٹی کے رہنما نتن یاہو کو قانون سازی کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی جو یکم نومبر کو ہوئے تھے۔لاپیڈ نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ریاست اسرائیل کسی بھی حساب سے بالاتر ہے۔ میں نتن یاہو کیلئے کامیابی اور اسرائیلی عوام اور ریاست کیلئے کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔لاپیڈ نے نتن یاہو کو بتایا کہ انہوں نے اپنے پورے دفتر کو حکم دیا ہیکہ وہ اقتدار کی منظم منتقلی کیلئے تیاری کریں۔سبکدوش ہونے والے اسرائیلی وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنی ’’یش عتید‘‘ (ایک مستقبل) پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ یہ انتخابات کے بعد پہلی تصویر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم ریاست کیلئے لڑنے جارہے ہیں۔ ہم آج انتخابات کے بعد پہلے اجلاس کیلئے جمع ہوئے ہیں، ہم ایک یہودی، جمہوری اور لبرل اسرائیل کیلئے تصویر میں موجود شاندار ٹیم کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اسرائیل کا سب سے مضبوط شعبوں اور اپنی پارٹی (یش عتید ) کے لاکھوں حامیوں کے ساتھ ملکر ہم اس وقت تک لڑیں گے جب تک کہ ہم اقتدار میں واپس نہ آ جائیں۔ ہم کبھی ہار نہیں مانیں گے۔