نتیش حکومت نے روزگارفراہم نہیں کیا :تیجسوی یادو

   

اورنگ آباد : راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بہار کی نتیش حکومت پر ریاست کے نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے کوئی پہل نہیں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ریاست میں بے روزگاری کی شرح میں بے تحاشا اضافہ ہواہے ۔تیجسوی یادو نے منگل کو ضلع کے گاندھی میدان ، گوہ اور امبا میں مہا گٹھ بندھن امیدواروں کے حق میں منعقدہ انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں لاکھوں سرکاری عہدے خالی پڑے ہیں لیکن وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی حکومت نے یہاں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا ۔ اس کا نتیجہ ہے کہ ریاست میں بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہواہے اور نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے ۔آرجے ڈی لیڈر نے دعویٰ کیاکہ اسمبلی انتخاب کے بعد بہار میں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنی تو وہ کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ہی ریاست کے 10لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کی راہ ہموار کریںگے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی پارٹی کے منشور میں ریاست کے 10 لاکھ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا ہے ۔ جس سے ہر حال میں پورا کریںگے۔