پٹنہ ۔ 3 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) 2020 ء بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر شہر میں ایک نیا پوسٹر لگایا گیا ہے جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ جے ڈی یو پارٹی دوبارہ نتیش کمار کو لیکر این ڈی اے کے ساتھ جاسکتی ہے ۔ ہندی پوسٹرز میں یہ تحریر درج ہے کہ ’’کیوں کریں وچار، ٹھیک تو ہے نتیش کمار‘‘ اور جے ڈی یو ہیڈکوارٹر کے باہر نتیش کمار کا ایک بڑا مسکراتا ہوا پو سٹر لگایا گیا ہے ، اس پوسٹر کے ساتھ 2015 ء اسمبلی انتخابات کا نعرہ ’’بہار میں بہار ہے نتیش کمار ہے‘‘ اورلوک سبھا انتخابات سے قبل کا نعرہ ’’سچ ہے اچھا ہے چلو نتیش کمار کے ساتھ چلو‘‘ نعرے بھی درج تھے ۔ پارٹی ترجمان سنجے سنگھ نے کہا کہ نعرہ عوامی جذبات کی عکاسی کرتا ہے جس سے اپوزیشن میں کھلبلی مچ گئی ہے اور 2020 کے چیف منسٹر عہدہ کیلئے نتیش ہی موزوں امیدوار ہیں اور ریاست میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے پارٹی رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا ۔ اس تبدیلی پر بی جے پی نے جو جے ڈی یو کی جونیئر حلیف پارٹی رہ چکی ہے ، محتاط ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ان پوسٹر کے بارے میں بی جے پی ترجمان نکھل آنند نے کہا کہ ہر سیاسی پا رٹی اپنے نظریہ کے اظہار کیلئے آزاد ہے اور اپنے این ڈی اے کی پوزیشن بہار میں مستحکم ہے حالانکہ جے ڈی یو تنازعہ مسائل جیسے طلاق ثلاثہ ، این آر سی ، ایودھیا اور آرٹیکل 370 پر بی جے پی سے اختلاف رکھتی ہے۔