نتیش کمار تھک گئے ہیں، بہار میں حکومت نہیں چلا سکتے: تیجسوی

,

   

l بے روزگاری ، ترقی ، تعلیم، ہیلتھ انفراسٹرکچر اور غربت پر نتیش کمار بات کرنا نہیں چاہتے

l میں اپنے اثاثہ جات کی کسی بھی وقت تحقیقات کیلئے تیار ہوں

پٹنہ : آر جے ڈی قائد اور سابق وزیر اعلیٰ بہار لالو پرساد یادو کے فرزند تیجسوی یادو نے آج بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ تھکے ماندے قائد ہیں اور بہار کی سیاست اُن کے بس کی بات نہیں ہے ۔ تیجسوی نے کہاکہ نتیش کمار بے روزگاری، ترقی، تعلیم، ہیلتھ انفراسٹرکچر اور غربت کے موضوع پر بات کرنا ہی نہیں چاہتے۔ نتیش کمار کہتے ہیں کہ بہار اراضیات سے بھری ایسی ریاست کا نام ہے جہاں اراضیات پر کاشتکاری ہوتی ہے لہذا ان اراضیات پر صنعتیں قائم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور جب صنعتیں نہیں ہونگی تو روزگار کے مواقع پیدا ہونے کا بھی سوال نہیں ہے۔ تیجسوی نے نتیش کمار کے بیان کا حوالہ دیا جو اُنھوں نے کچھ روز قبل دیا تھا اور کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ریاست میں سرمایہ کاری ہو لیکن بہار کا موقف ایسا ہے کہ یہاں اراضیات کے مالکانہ حقوق کسانوں کے پاس ہیں اور اُن کیلئے کھیتی باڑی سے بڑا کوئی کام نہیں لہذا صنعتیں قائم کرنے یہاں راستہ مسدود ہے۔ منگل کو اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کی ورچوئل مہم کے آغاز کے موقع پر اُنھوں نے یہ بات کہی۔ تیجسوی یادو نے دو روز قبل ہی راگھوپور نشست کیلئے کاغذات نامزدگی کا ادخال کیا ہے۔ اپنے اثاثوں کے بارے میں اُنھوں نے کہہ دیا کہ اگر اُن کی تحقیقات کروانے حکومت بضد ہے تو وہ خود یہی چاہیں گے۔ حالانکہ اُن کے اثاثوں کی جانچ جاری ہے لیکن حکومت مزید تحقیقات چاہتی ہے تو وہ بالکل تیار ہیں۔ یاد رہے کہ اپنے کاغذات نامزدگی میں تیجسوی یادو نے اپنے اثاثوں کی مالیت 5.8 کروڑ روپئے بتائی تھی جس پر نائب وزیراعلیٰ اور بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے تیجسوی کے ذرائع آمدنی پر سوال اُٹھایا تھا اور پوچھا تھا کہ بغیر کسی ملازمت کے تیجسوی کے پاس اتنی دولت کیسے جمع ہوگئی۔ اِن باتوں کا کوئی نوٹس نہ لیتے ہوئے تیجسوی نے کہاکہ یہ ساری باتیں عوام کی توجہ اصل موضوع کی جانب سے ہٹانے کی جارہی ہیں جیسا کہ بے روزگاری اور بہار واپس آنے والے مائیگرنٹ مزدوروں کی حالت زار پر حکومت بات کرنا نہیں چاہتی اور عوام کی توجہ کسی اور جانب مبذول کرنا چاہتی ہے۔ تیجسوی نے مزید کہاکہ این ڈی اے قائدین اس بات کا بتنگڑ بنارہے کہ 31 سالہ تیجسوی زائداز 50 املاک کے مالک کیسے بن گئے جبکہ اُن کا تعلق کسی مہاراجہ خاندان سے بھی نہیں۔