سوتیلی ماں کی جانب سے سُپاری دے کر قتل کروانے کا انکشاف ،ملزمین گرفتار
نرمل ۔ 25 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مستقر نرمل میں جاریہ ماہ کی 14 جولائی کو وائی ایس آر کالونی میں اسلم خان نامی نوجوان کے سنسنی خیز قتل کا واقعہ پیش آیا تھا ۔ پولیس کی خصوصی ٹیموں نے اس قتل کی ہر زاویہ سے تحقیقات کرتے ہوئے اس مقدمہ کو حل کرنے میں کامیاب رہی تاہم درندگی کا یہ واقعہ قلم بند کرتے ہوئے ہاتھ کانپ رہے ہیں۔ پڑھنے والوں کو بھی اس واقعہ سے یقینا صدمہ پہونچے گا ۔ ضلع ایس پی نرمل ڈاکٹر جانکی شرمیلا آئی پی ایس نے جمعہ کے دن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول کی سوتیلی ماں انوری بیگم کے اسلم خان سے ناجائز تعلقات تھے ۔ اسلم خان نے انوری بیگم سے کہا تھا کہ وہ بہت جلد شادی کرنے والا ہے اور اب وہ اس تعلقات کو ختم کرنا چاہتا ہے ۔ اسلم کی ایک لڑکی سے شادی کی بات چیت چل رہی تھی جو درندہ صفت انوری بیگم برداشت نہ کرسکی اور اسلم کو راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی ۔ پولیس کو تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا کہ انوری بیگم نے پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے پانچ رُکنی سُپاری گینگ سے ربط پیدا کیا جس میں شیخ محمد ، سائی ناتھ پوار ، مقیت ، شیخ شاہد سے باضابطہ ملاقات کرتے ہوئے اس نے اسلم کے قتل کے عوض چھ لاکھ روپئے سُپاری گینگ کو دینے کا سودا کیا اور اڈوانس کے طورپر پچاس ہزار روپیہ بھی ادا کئے ۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ یہ گینگ یکم جوائی کو نرمل پہونچی تھی اور ایریا ہاسپٹل کے قریب اسلم کو قتل کرنے کی کوشش میں تھی تاہم وہ ناکام رہے ۔ اس کے بعدملزمین مہاراشٹرا واپس ہوگئے ۔ بعد ازاں 14 جولائی کو بھی بھوکر اور بھینسہ کے راستے سے ایک اسکارپیو کار کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے نرمل پہونچے اور انوری بیگم سے ملاقات کرتے ہوئے واٹس ایپ کی مدد سے اسلم کی معلومات فراہم کرتے ہوئے سُپاری گینگ نے اسلم کا تعاقب کیا اور وائی ایس آر کالونی میں آٹو کو رُکواکر اس پر چاقوؤں سے حملہ کرتے ہوئے سارنگ پور منڈل کے راستے سے مہاراشٹرا فرار ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب یہ گینگ جب تلنگانہ کے سرحد میں داخل ہوتے ہی اپنے اپنے موبائیل فون بند کردیئے تھے ۔ قتل کی واردات کے فوری بعد ڈی ایس پی سرینواس کی نگرانی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس نے مہاراشٹرا میں موجود ملزمان کا سراغ لگاکر اُنھیں گرفتار کرلیا۔ ڈاکٹر جانکی شرمیلا ضلع ایس پی نے بتایا کہ اس مقدمہ کی مرکزی ملزمہ انوری بیگم کو پہلے ہی دن گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ ایک ہفتہ کے اندر قتل کے اس مقدمہ کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار بھینسہ اے ایس پی سائی کرن آئی پی ایس ، ڈی ایس پی نرمل سرینواس ، انسپکٹر ایم کرشنا ، سب انسپکٹر لمبادری کو ضلع ایس پی نے مبارکباد دی ۔ واضح رہے کہ نرمل کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے کہ ماں اور سوتیلے بیٹے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے ناجائز تعلقات قائم کرنااور قتل کروادینا سُن کر ہی کلیجہ منہ کو آتا ہے ۔