نریندر مودی کو ہمیشہ کھل نائک کے طور پر پیش کرنا غلط: کانگریس

   

نئی دہلی۔23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر جے رام رمیش کے بعد اب ابھیشیک سنگھوی اور ششی تھرور نے بھی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی کو ہمیشہ کھل نائک کے طور پر پیش کرنا غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب کوئی اچھا کام کریں تو ان کی ستائش بھی ہونی چاہئے۔ قبل ازیں ابھیشیک سنگھوی نے کہا تھا کہ نریندر مودی کے کاموں کا تجزیہ ان کے کاموں کی بنیاد پر کیا جانا چاہئے ناکہ شخصیت کی بنیاد پر۔ اور جو کام قابل تعریف ہو، اس کی بہرحال تعریف کی جانی چاہئے۔ ششی تھرور نے جے رام رمیش اور ابھیشیک سنگھوی جیسے اپنے کانگریسی ساتھیوں کے نکتہ نظر کی تائید کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ میں پچھلے پانچ چھ سال سے مسلسل یہ کہتے آرہا ہوں کہ جب وزیراعظم کوئی اچھا کام کریں تو ان کی ستائش کی جانی چاہئے۔ اس طرح سے جب ہم ان پر تنقید کریں تو اس کو اعتماد حاصل ہوسکے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جے رام رمیش نے ایک کتاب کی رسم اجراء کے موقع پر کہا تھا کہ نریندر مودی کے دور اقتدار کو ہمیشہ منفی نکتہ نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ ظاہر ہے 2014ء سے 2019ء تک انہوں نے کچھ اچھے کام بھی کیے ہیں جیسا کہ اجولا یوجنا جیسے اسکیم اچھا اقدام ہے اور ظاہر ہے ان کے اچھے کاموں کی وجہ سے ہی عوام نے انہیں دوبارہ موقع دیا ہے۔ سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی دختر نے بھی مذکورہ قائدین کے خیالیات کی تائید کی ہے۔