نریڈ میٹ میں جسم فروشی کا اڈہ بے نقاب

   

تنزانیہ کی خاتون گرفتار، دو لڑکیاں آزاد، بین الاقوامی بردہ فروشی کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) بیرونی ممالک سے تعلیمی ویزا پر شہر پہنچ کر جسم فروشی کا کاروبار کرنے والے ایک ریاکٹ کو پولیس نے بے نقاب کردیا۔ انٹر نیشنل ہیومن ٹریفکنگ کے ذریعہ لڑکیوں کو بیرون ملک سے منتقل کرتے ہوئے جسم فروشی کا کاروبار کیا جارہا ہے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم راچہ کنڈہ ملکاجگیری زون نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے نریڈ میٹ علاقہ میں دھاوا کیا جہاں تنزانیہ کی ایک خاتون جسم فروشی کا کاروبار کررہی تھی۔ پولیس نے خاتون آرگنائزر کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے چنگل سے دو لڑکیوں کو آزاد کروالیا۔ جن کا تعلق بھی ملک تنزانیہ سے بتایا گیا ہے۔ جبکہ خاتون کا ایک ساتھی آرگنائزرایڈورڈ مفرور بتایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 30 سالہ تنزانیہ کی خاتون اوسنگانہ بیالونی کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔اوسنگانہ اور اس کا مفرور ساتھی ایڈورڈ ویب سائیٹ پر لڑکیوں کی تصاویر کو لوڈ کرتے ہوئے گاہکوں کو راغب کررہا تھا اور موبائیل فون کے ذریعہ کاروبار کررہا تھا۔ اوسنگانہ بہاری کالونی نریڈ میٹ میں فلیٹ کرایہ پر حاصل کیا تھا اور تنزانیہ سے لڑکیوں کو طلب کرتے ہوئے ان سے جسم فروشی کا کاروبار کروارہی تھی۔ لڑکیوں کو عیش کا سامان مہیا کرنے پر حاصل ہونے والی رقم کا یہ لوگ 50 فیصد بطور کمیشن لیا کرتے تھے اور موبائیل کے ذریعہ مستقل گاہکوں کو لڑکیاں فراہم کرتے تھے۔ فی گاہک 10 ہزار روپئے لیا کرتے تھے۔ تعلیمی ویزا پر آنے والے ایسے افراد پر سخت نظر رکھنے کی کمشنر پولیس نے عملہ کو ہدایت دی ہے۔ ایس او ٹی نے گرفتار خاتون کو مزید کارروائی کیلئے نریڈ میٹ پولیس کے حوالے کردیا۔