نسرین شیخ کیلئے ایک اور اعزاز ، فیڈریشن بائیوپک دکھائے گا

   

نئی دہلی۔ کھوکھو فیڈریشن آف انڈیا نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ نسرین شیخ پر ایک بائیوپک 24 دسمبر سے کٹک، اڈیشہ میں مجوزہ الٹیمیٹ کھو-کھو ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران دکھائی جائے گی۔ نسرین جنہیں حال ہی میں کھو۔کھو کے کھیل میں باوقار ارجن ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، اس کھیل میں کامیابی کے خواہشمندوں کے لیے فخر اور تحریک کا باعث بنی ہے۔ نسرین کی شاندار کامیابی کا جشن منانے اورکھوکھو فیڈریشن آف انڈیا کی جاری مہم کا مزید تعاون کرنے کے لیے، جس کا مقصد معاشی طور پر محروم بچوں کو کھیل میں شامل کر کے انہیں بااختیار بنانا ہے، نسرین کے متاثر کن سفر پر مبنی ایک بائیوپک پرکام جاری ہے۔ مشکلات کے ماحول میں پرورش پانے والی نسرین کے اٹل عزم نے انہیں ارجن ایوارڈ سے نوازا، جو ان کی انتھک محنت اور صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ ان کی کہانی امید کی کرن ہے، یہ ظاہر کرتی ہے کہ ہمت زندگی کی آزمائشوں پر فتح پا سکتی ہے۔ نسرین کا سفر، دہلی کی گلیوں سے جڑا ہوا ہے جہاں اس کے والد نے اپنا پیٹ بھرنے کے لیے برتن بیچے، ان کے اٹل عزم کا ثبوت ہے۔ یہ ان مشکل وقتوں کے دوران تھا جب نسرین نے کھو۔کھو کے کھیل کو شروع کیا، اور ان کی کپتانی میںہندوستان نے کورونا سے درپیش چیلنجوں کے باوجود جنوبی ایشیائی کھیلوں میں میڈل حاصل کیا ۔