’نشہ مکت یوا برائے وکست بھارت سنکلپ مہم‘کا کل آغاز کریں گے مودی

   

نئی دہلی،یکم اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ‘نشہ مکت یوا برائے وکست بھارت سنکلپ مہم’ کا آغاز کریں گے ۔ وزیراعظم کے دفتر نے ہفتہ کو بتایا کہ اس پہل کا مقصد نوجوانوں کو نشہ آور اشیاء کے استعمال سے دور رہنے کیلئے ترغیب دینا اور انہیں اپنی کمیونٹریز میں مثبت سماجی تبدیلی کا سفیر بننے کیلئے حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ اس پروگرام کے ساتھ منشیات کے استعمال کے خلاف 100 ہفتوں تک چلنے والی ملک گیر ‘جن بھاگیداری’ مہم کا آغاز ہوگا۔ اس مہم کے تحت، نشہ سے پاک معاشرہ بنانے کیلئے بیداری بڑھانے اور لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر اتوار کو ملک بھر میں سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ ان سرگرمیوں میں کھیل کے مقابلے ، واکتھان، میڈیٹیشن کے سیشن، ثقافتی پروگرام، بیداری مہم، نُکڑ ناٹک، بحث و مباحثے کے فورم، فن کے مقابلے اور کمیونٹی رابطہ پروگرام شامل ہوں گے ۔اس پہل کا مقصد نشہ آور اشیا کے استعمال کے خلاف ایک اجتماعی تحریک کھڑی کرنے کیلئے تعلیمی اداروں، یوتھ آرگنائزیشنز، سول سوسائٹی گروپس، انڈسٹری باڈیز اور روحانی تنظیموں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لا کر کمیونٹی کی شرکت کو مزید مضبوط کرنا ہے ۔ اس پروگرام میں ملک بھر کے دس ہزار سے زائد نوجوان حصہ لیں گے ۔ مائی بھارت رضاکار، مائی بھارت نیشنل سروس اسکیم کے رضاکار، یوتھ کلب، اسکول، کالج، یونیورسٹیاں، این جی اوز، انڈسٹریل ایسوسی ایشنز کے یوتھ ونگز اور 125 سے زائد معاون روحانی تنظیمیں اس پروگرام میں ورچوئل ذریعے سے شامل ہوں گی۔