نصائرت کیمپ سمیت غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے

,

   

شہدا کی تعداد 21 ہزار 507 ہوگئی‘ یو این کے امدادی قافلے پر بھی فائرنگ
غزہ : اسرائیل کے غزہ میں حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نصائرت کیمپ، خان یونس اور رفح سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی بمباری سے مزید کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہو گئے۔ شہدا کی مجموعی تعداد 21 ہزار 507 سے تجاوز کر گئی جبکہ 55 ہزار 915 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔اسرائیلی افواج کی جانب سے طے شدہ راستے پر سفر کے باوجود اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے امدادی قافلے پر بھی فائرنگ کی گئی۔اقوام متحدہ کے ایڈ چیف مارٹن گریفتھس نے اس حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی رضاکاروں پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔بین الاقوامی تنظیم ہلال احمر نے خان یونس کے علاقے میں رہائشی عمارت پر حملے کے بعد زخمی بچوں کو طبی امداد کیلئے ایمبولینسوں میں منتقل کرنے کی ویڈیو شیئر کر دی۔ادھر مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج نے اپنی چھاپا مار کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے درجنوں بے گناہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ۔ اسرائیل کے دمشق پر حملے میں 11 ایرانی فوجی جاں بحق ہونے کا دعوی کیا گیا ہے ۔ایرانی اہلکاردمشق ایر پورٹ پر وفد کے استقبال کیلئے موجود تھے۔یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شہداء کی تدفین کے لیے مشکلات پیش آرہی ہیں اور کفن تک کم پڑ رہے ہیں ۔