نظام آباد اور مہاراشٹرا کے ہنگولی میں زلزلہ کے معمولی جھٹکے

   

حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے نظام آباد اور مہاراشٹرا کے ہنگولی میں آج صبح زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریچٹر اسکیل پر اس کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل سنٹر فار سسمالوجی (این سی ایس ) کے مطابق زلزلہ کا مرکز زمین سے 5 کیلو میٹر اندرونی حصہ میں درج کیا گیا۔ اتوار کی صبح مہاراشٹرا کے ہنگولی اور نظام آباد کے شمال مشرقی علاقوں میں 8:12 بجے یہ جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے بعد عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ زلزلہ کے نتیجہ میں کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔ زلزلہ کے خوف سے عوام اپنے مکانات اور دیگر اداروں سے باہر نکل پڑے اور صورتحال کے معمول پر آنے تک عوام کو مکانات کے باہر دیکھا گیا۔ یہ جھٹکے چند سیکنڈس تک جاری رہے۔ زلزلہ کی اطلاع ملتے ہی دوردراز کے علاقوں سے رشتہ داروں اور دوست احباب کی خیریت دریافت کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ہنگولی اور نظام آباد میں مقامی پولیس نے عوام کو اطمینان دلایا اور عہدیداروں کی جانب سے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ اس سے قبل 24 جنوری کو قومی دارالحکومت دہلی میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ این سی ایس ادارہ کے مطابق زلزلہ کا مرکز نیپال میں ریکارڈ کیا گیا۔ر