نظام آباد :22؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقدس ماہ رمضان المبار ک کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔ 23؍ مارچ کو سری رام نومی،4؍ اپریل کو ہنومان جینتی کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مسٹر کرن کمار نے کل شہر کے امبیڈ کر بھون میں مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی قائدین کے ہمراہ امن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا۔ اے سی پی کرن کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سماج کے تمام طبقات کے عوام کو پرُ امن اور خوشگوار ماحول میں اپنے تہوار منائیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے باعث ترقی ہوگی۔ اے سی پی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کسی قسم کی خبریں پھیلائے جانے پر اس پر یقین نہ کریں۔ اگر کسی قسم کی افواہیں ملیں تو پولیس کے علم میں لائیں۔ انہوں نے غلط خبریں پھیلانے والوں کیخلاف سخت کاروائی کا انتباہ دیا۔اس موقع پرڈپٹی مئیر ادریس خان کے علاوہ کارپوریٹرس، Iٹاؤن ایس ایچ او وجئے بابو، ساؤتھ رورل سرکل انسپکٹر جگڈم نریش، سرکل انسپکٹر وینکٹ نارائن کے علاوہ I,II,III,IV,V،VI ٹاؤن سب انسپکٹرس، رورل ایس ایچ او و دیگر موجودتھے۔