نظام آباد میں بارش کا سلسلہ جاری

   

پراجکٹ سری رام ساگر میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ، کسانوں میں خوشی کی لہر
نظام آباد :2 ؍ اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع نظام آباد میں گذشتہ دو دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں مسرت پائی جارہی ہے اور زرعی کاموں میں اضافہ ہوا ہے اور آبپاشی کے تالابوں میں پانی کے بہائو کا سلسلہ جاری ہے نہ صرف تالاب بلکہ ضلع کے آبپاشی پراجیکٹ سری رام ساگر میں بھی پانی کے بہائو میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کل رات شہر نظام آباد میں ہوئی بارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں زبردست پانی جمع ہوا ہے شہر کے نشیبی علاقے کھو جہ کالونی ، حبیب نگر ، اسلام پورہ ، ارسہ پلی ، آٹو نگر ، وینگل رائو کالونی ، پنٹر کالونی ، مجاہد نگر ، مالاپلی ، احمد پورہ کالونی ، بودھن روڈ، قلعہ روڈ، اعظم روڈ ، برکت پورہ ، پھولانگ و دیگر محلہ جات میں واقع مکانات میں پانی داخل ہوگیا جس کی وجہ مکینوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پانی کی عدم نکاسی کی وجہ سے شہر میں انتہائی مشکلات پیش آرہی ہے ۔ بالخصوص ڈرینس پر قبضہ سے معمولی بارش کے باعث بھی مشکلات کا سبب بن رہا ہے ۔ خاص طور سے شہر کے گنجائش آبادی علاقہ سے گذرنے والے D54 کنال پر غیر مجاز قبضہ کی برخواستگی میں میونسپل کارپوریشن ناکام ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہے ۔ D54 کنال پر موجودہ قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے ڈرین کی صفائی کی صورت میں پانی کا بہائو ہوگا اور عوام کو راحت حاصل ہوگی ۔ پانی کی عدم نکاسی مسئلہ بنا ہوا ہے جس کی وجہ عہدیداروں کی لاپرواہی شہریان کیلئے مسئلہ بنا ہوا ہے اس سلسلہ میں میونسپل عہدیداروں کی کارکردگی ناگزیر سمجھا جارہا ہے میونسپل عہدیدار D54 کنال پر موجودہ قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے مٹی کی نکاسی کرتے ہوئے پانی کے بہاؤ کیلئے اقدامات کرنے کی عوام کی جانب سے پرُ زور اپیل کی جارہی ہے ۔