نظام آباد۔ 26ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شہر نظام آباد کی قدیم گنگا جمنی تہذیب اور قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لیے سینئر کانگریس قائد و سابقہ کارپوریٹر محمد عبدالقدوس نے ایک بار پھر اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے انسانیت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال پیش کی۔ حسبِ عمل درآمدِ قدیم، ساروجنیک گنیش وسرجن جلوس کے پُرامن انعقاد کے موقع پر سابقہ ٹو ٹاؤن پانی کی ٹانکی کے مرکزی چوراہے پر جناب محمد عبدالقدوس کی جانب سے ایک خصوصی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں سینکڑوں کی تعداد میں جلوس میں شریک عقیدت مندوں بشمول بزرگوں، نوجوانوں، مردوں، خواتین اور معصوم بچوں میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں، جوس اور تازہ پھل تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر نظام آباد کے کمشنر پولیس پی سائی چیتنیا اور کمشنر بلدیہ دلیپ کمار نے خصوصی طور پر اس کیمپ کا دورہ کیا۔ اس خدمت خلق کے موقع پر ممتاز کانگریس قائد و سینئر صحافی اشفاق احمد خان، این آر آئی کانگریس لیڈر ایم اے جلیل، حال مقیم امریکہ ممتاز سماجی کارکن ایم اے رزاق صابر،محمد مقصود الرحمن، محمد مجاہد، محمد عبدالقیوم، اختر خان، جعفر حسین کے علاوہ دیگر کانگریس قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔