نظام آباد میں کانگریس کے استحکام کیلئے ریونت ریڈی کوشاں

   

پارلیمانی انتخابات، کانگریس سرگرم، سدرشن ریڈی اور مہیش کمار گوڑ کو اہم ذمہ داریوں کا امکان

نظام آباد ۔ 19 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاست میں ہوئے انتخابات کے بعد تیزی کے ساتھ حالت بدلتے ہوئے نظر آرہے ہیں ضلع میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی غرض سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے مسلسل کوششوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو 5 کے منجملہ بودھن اور نظام آباد رورل میں کامیابی حاصل ہوئی تھی اور ضلع میں کانگریس پارٹی کو شدید جھٹکہ لگا تھا ۔ نظام آباد اربن ، آرمور سے بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی تو بالکنڈہ سے بی آرایس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی اور کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی غرض سے چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی سینئر قائد ین کی خدمات کو حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے اور پارٹی ہائی کمان نے نظام آباد اربن سے تعلق رکھنے والے پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ کو ایم ایل سی کی حیثیت سے نامز د کیا ہے اور مہیش کمار گوڑ نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کی تھی اور مہیش کمار گوڑ کا بلامقابلہ انتخاب یقینی نظر آرہا ہے ۔ اسمبلی میں بی آرایس کو میجاریٹی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے بی آرایس کی جانب سے کوئی نامزدگی داخل نہیں کی گئی اور مہیش کمار گوڑ ، بی وینکٹ نے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے دستبرداری کے اختتام کے بعد اسمبلی سکریٹری ان کا بلامقابلہ انتخاب ہوجانے کا اعلان کریں گے اس کے علاوہ کانگریس پارٹی آنے والے پارلیمانی انتخابات میں طاقتور امیدوار کو ٹکٹ دینے کی فکر مند ہے ۔ پارلیمنٹ کے 7 اسمبلی حلقوں میں کانگریس کو صرف 2 ہی ارکان اسمبلی ہے اور باقی 5 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی اور بی آرایس کو نمائندگی حاصل ہے جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی فہرست رائے دہندگان میں پائے جانے والے طبقات کی بنیاد پر امیدوار کو ٹکٹ دینے کی صورت میں ان طبقات کے ووٹ ایک ہی امیدوار کو حاصل ہونے کی صورت میں امیدوار کی کامیابی یقینی ہوگی ۔ اس کیلئے ابھی سے سرگرمیوں کو شروع کردیا گیا ہے اس کے علاوہ اسمبلی حلقوں کے انچارجوں کو مقرر کرنے کیلئے بھی کوششیں کی جارہی ہے اور 7 اسمبلی حلقہ میں پارٹی سے تعلق رکھنے والے اہم قائد کو بھی اس خصوص میں ذمہ داریاں دئیے جانے کے امکانات روشن ہے ۔ نظام آباد ضلع میں پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے آنے والے دنوں میں ضلع کے سینئر قائد سدرشن ریڈی ، مہیش کمار گوڑ کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپے جانے کے امکانات ہیں اور پارلیمنٹ کیلئے ابھی سے کانگریس پارٹی سرگرم نظر آر ہی ہے ۔