نظام آباد میں 29 جولائی کو جاب میلہ

   

نظام آباد :19؍ جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا کی زیر سرپرستی نظام آباد شہر میں عالیشان آئی ٹی ہب کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے ۔ 29؍ جولائی کو ریاستی وزیر کے ٹی آر کے ہاتھوں آئی ٹی ہب کا شاندار افتتاح عمل میں آنے والا ہے ۔ آئی ٹی ہب میں کثیر تعداد میں تقررات عمل میں آنے والے ہیں جس کیلئے 21 ؍ جولائی بروز جمعہ صبح 10 بجے دن بھوم ریڈی کنونشن بورگائوں نظام آباد میں جاب میلہ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔ تعلیم یافتہ گریجویٹ نوجوان اس سنہری موقع سے استفادہ کریں۔ 765 ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں جس میں 4 فیصد لڑکیوں کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔ آئی ٹی ہب کیلئے خصوصی بس کی سہولت ، نگرانی کیلئے پولیس آئوٹ پوسٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جانے والا ہے۔ آئی ٹی ہب میں انتظامی امور کیلئے 8 غیر ملکی کمپنیوں سے حکومت کا معاہدہ طئے ہوا ہے ۔