نظام الدین مرکز ہمیشہ کے لئے تو بند نہیں کیا جا سکتا: دہلی ہائی کورٹ

   

مرکزی حکومت نے دہلی ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ سال جو تبلیغی جماعت کے مرکز میں ہوئے اجتماع میں کووڈ -19 کے ضابطوں کی مبینہ خلاف ورزی کے تعلق سے کیس درج ہے وہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ مرکزی حکومت نے یہ بات اس کیس کی سنوائی کے دوران کہی جس میں وقف بورڈ نے تبلیغی جماعت کے مرکز کو کھولے جانے کے لئے عرضی لگائی ہے۔ واضح رہے تبلیغی جماعت کا مرکز گزشتہ سال 31 مارچ سے بند ہے۔عدالت نے مرکز ی حکومت سے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے مرکز کو ہمیشہ کے لئے تو بند نہیں کیا جا سکتا۔ مرکزی حکومت کے وکیل نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے مرکز کو کھولے جانے کی قانونی کارروائی جائداد کو لیز پر دینے والے کا اختیار ہے اور اس سلسلہ میں قانونی کارروائی ہو رہی ہے۔وکیل نے کہا کہ وقف بورڈ کے پاس اس تعلق سے کوئی حق نہیں ہے۔ ملی اطلاعات کے مطابق جج نے کہا ’’کچھ لوگوں کے پاس یہ جائداد تھی ، کورونا وبا کی وجہ سے ایف آئی آر ہوئی اور حکومت نے کیس جائداد کے طور پر جائداد کو اپنے قبضہ میں لے لیا اب یہ نہیں ہے کہ جائداد ہمیشہ کے لئے رکھی جا سکتی ہے۔ آپ بتائیں کہ آپ نے کس سے جائیداد لی اور کب تک اسے کیس جایئداد کے طور پر بند رکھیں گے۔‘‘اس معاملہ کی سنوائی اب 16 نومبر کو ہوگی اور عدالت نے اس تعلق سے جواب مانگا ہے۔