ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے ممبئی اور پڑوسی میرا بھیندر پولیس کمشنروں سے کہا ہے کہ مہاراشٹرا کے ممبران اسمبلی نتیش رانے ، گیتا جین اور ٹی راجہ کی نفرت انگیز تقاریر کی ریکارڈنگ کی ذاتی طور پر تحقیقات کے بعد ایف آئی آر درج ہونے پر عدالت کو مطلع کریں ۔جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور منجوشا دیشپانڈے کی بنچ نے پیر کو پولیس کو بھی ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ضروری کارروائی کرے کہ 17 اپریل کو رام نومی کے موقع پر کوئی فرقہ وارانہ تشدد نہ ہو اور امن و امان معمول پر رہے ۔ عدالت آفتاب صدیقی سمیت ممبئی اور میرا روڈ کے پانچ رہائشیوں کی درخواست پر سماعت کر رہی ہے جس میں میرا روڈ، گوونڈی، گھاٹ کوپر اور مالوانی میں گزشتہ جنوری میں مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر کرنے کے الزام میں ایم ایل اے کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی تھی۔ بنچ نے کہا کہ اگر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بروقت کارروائی نہ کی گئی تو شہریوں کا پولیس پر سے اعتماد اٹھ جائے گا