نقلی ادویات فروخت کرنے والا ریاکٹ بے نقاب ۔ دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد/22 جولائی ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر ٹاسک فورس ٹیم نے نقلی ادویات فروخت کرنے والے ایک خطرناک ریاکٹ کو بے نقاب کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس پولیس نے ملک پیٹ زون ڈرگ انسپکٹر کے ساتھ مشترکہ کارروائی انجام دی۔ ساؤتھ ویسٹ زون ٹیم کی اس کارروائی میں 43 سالہ بی رمیش ساکن کرمن گھاٹ، 35 سالہ رگھو ریڈی ساکن سرارم کو گرفتار کرلیا جبکہ پورنا چندر، لکشمن ، ندیم اور ارون چودھری مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ارون اور ندیم دہلی کے ساکنان ہیں جو بذریعہ کوریئر نقلی ادویات سپلائی کرتے ہیں اور گرفتار رمیش و راگھوریڈی ان نقل ادویات کو کم قیمت میں خرید کر اضلاع میں میڈیکل دکانات پر فروخت کررہے تھے۔ ان کی خرید و فروخت کا کوئی حساب نہیں ہوتا ہے۔ نامور کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ نقلی ادویات کو مارکٹ میں فروخت کیا جارہا تھا۔ رئیل اسٹیٹ کاروبار میں نقصان کے بعد رمیش اور ریڈی نے اس کاروبار کا آغاز کیا ۔ رمیش کے برادر نسبتی پورنا چندر سے رابطہ کرکے دونوں ادویات کی خریداری کررہے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 29 لاکھ 72 ہزار 850 روپئے کی نقلی ادویات ضبط کرلیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ع