نقلی بندوق سے لوٹنے کی ناکام کوشش

   

نظام آباد کے مصروف علاقہ میں واقعہ پر عوام کی ہلچل

نظام آباد :18؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )نظام آباد شہر کے خلیل واڑی میں واقع ایک خانگی دواخانہ میں علاج کیلئے پہنچنے والے ایک جوڑے کو نقلی بندوق سے ڈرانے اور لوٹنے کی ناکام کوشش کا واقعہ منظر عام پرآیا تفصیلات کے مطابق چہارشنبہ کی شب ایک حاملہ خاتون شوہر کے ہمراہ موٹر سیکل پر خلیل واڑی کے خانگی ہاسپٹل پہنچی ۔ 3 جرائم پیشہ عناصر اس کے قریب پہنچے اور نقلی بندوق نکال کر ڈراتے ہوئے رقم کا مطالبہ کرنے لگے ۔ مصروف ترین علاقہ میں یہ واقعہ پیش آنے پر کچھ دیر کیلئے عوام میں کھلبلی مچ گئی لیکن جرائم پیشہ عناصر کو پکڑلیا گیا اور پولیس تحقیقات کررہی ہے اور سخت کارروائی کا تیقن دیا ہے ۔ مصروف ترین علاقہ میںپیش آئے واقعہ سے عوام میں تشویش و برہمی پائی جاتی ہے ۔ نظام آبادشہر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں حد سے زیادہ بڑھتی جارہی ہے جرائم پیشہ عناصر پولیس سے بے خوف ہوکر وارداتیں انجام دے رہے ہیں۔ خلیل واڑی میں پیش آئے واقعہ سے عوام میں تشویش و برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے عوام کی چوکسی سے جرائم پیشہ عناصر کو پکڑا گیا بصورت دیگر یہ جرائم پیشہ عناصر لوٹ کی واردات انجام دیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوسکتے تھے ۔ رات کے وقت رہائشی علاقوں میں نوجوانوں کی ہنگامہ آرائی اور رات بھر بعض تجارتی مراکز کھلے رکھے جانے کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر رات بھر گشت کررہے ہیں ۔مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش آنے کے خطرہ کو ظاہر کیا جارہا ہے ۔