نقلی بیج کی فروخت کے خلاف پی ڈی ایکٹ

   

حیدرآباد۔ نقلی بیج فروخت کرتے ہوئے کسانوں کو دھوکہ دینے اور ان کی معیشت کو تباہ کرنے والے افراد کے خلاف رچہ کنڈہ پولیس کی مہم جاری ہے اور گرفتار افراد کے خلاف سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلہ میں نقلی بیج فروخت کرنے والی بین ریاستی ٹولی سے تعلق رکھنے والے پوٹا وینکٹ رمنا کے خلاف پولیس نے پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ہے۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش بھگوت نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران اس شخص کو اس کے تین ساتھیوں کے ہمراہ 9 جون کو گرفتار کیا تھا اور بڑی مقدار میں نقلی بیج ضبط کرتے ہوئے انہیں جیل منتقل کیا تھا۔ نندیال ضلع سے تعلق رکھنے والا 46 سالہ پوٹا وینکٹ رمنا اپنے ساتھیوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کے کاروبار میں ملوث تھا۔ پولیس نے جون میں کی گئی کارروائی کے دوران 2830 کیلو کپاس کے بیج ضبط کئے تھے۔