نقلی میٹری مونیل پروفائل کے ذریعہ انجینئر کو دھوکہ دینے پر ماں اور بیٹا گرفتار

   

65 لاکھ روپئے وصولی کے بعد فرار ہونے کا شاخسانہ ، انسپکٹر پولیس جوبلی ہلز کا بیان
حیدرآباد ۔ /28 مئی (سیاست نیوز) نقلی میٹری مونیل پروفائیل تیار کرتے ہوئے ایک سافٹ ویئر انجنیئر کو دھوکہ دینے والی ایک خاتون اور اس کے بیٹے کو پولیس جوبلی ہلز نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 44 سالہ مالویکا دیوتی نے اپنے بیٹے 22 سالہ پرنوللیت گوپال دیوتی جن کا تعلق ضلع رنگاریڈی سے ہے نے خاتون ڈاکٹر کیرتی کے نام سے نقلی میٹری مونیل پروفائیل تیار کرتے ہوئے کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک سافٹ ویئر انجنیئر ورون سے رابطہ قائم کیا اور سوشیل میڈیا اور بذریعہ فون مسلسل بات چیت کرتے ہوئے اسے یہ یقین دلایا کہ اس کی ماں موروثی جائیداد کے سلسلے میں اسے ہراساں کررہی ہے اور عدالت کے مقدمہ کیلئے اسے مالی مدد کی ضرورت ہے ۔ دھوکہ باز خاتون مالویکا نے سافٹ ویئر انجنیئر ورون سے یہ دعویٰ کیا کہ اگر وہ عدالت میں مقدمہ جیتنے پر وہ اصلی رقم کے علاوہ اسے منافع بھی دے گی ۔ دھوکہ باز خاتون کی باتوں میں آکر سافٹ ویئر انجنیئر نے اسے 65 لاکھ روپئے حوالے کیا اور رقم حاصل کرتے ہی ماں اور بیٹا فرار ہوگئے ۔ انسپکٹر جوبلی ہلز کے ستیہ نے بتایا کہ مالویکا کا شوہر سرینواس بھی اس جرم میں شامل ہے اور وہ پولیس کو مطلوب ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ سابق میں بھی مذکورہ خاتون اور اس کے بیٹے نے اسی قسم کی دھوکہ دہی میں ملوث پائے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں ان کے خلاف پولیس اسٹیشن نلہ کنٹہ اور ماریڈ پلی میں مقدمات زیرالتواء ہیں ۔