ضلع نظام آبادمیں دسویں جماعت کے 138 امتحانی مراکز ، ڈی ای او کا بیان
نظام آباد:29/ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس ایس سی سالانہ امتحانات کا3؍ اپریل سے انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو، ڈی ای او نظام آباد درگا پرساد نے بتایا کہ دسویں جماعت کے امتحانات پرُ امن اور شفاف طریقہ سے منعقد کرنے تمام انتظامات کئے گئے ہیں ۔ حسب سابق تمام امتحانی مراکز پر موسم گرما کے پیش نظر برقی ، پانی اور طبی امداد کے انتظامات کئے جارہے ہیںاور ہر امتحانی مرکز میں ایک اے این ایم کو مقرر کیا گیا ہے اور میڈیکل کٹس دستیاب رکھی جائے گی۔ وہیں تمام امتحانی مراکز پر سخت صیانتی بندوبست کو قطعیت دیا گیا ہے۔ضلع کے 138 امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ رہے گا۔ ضلع نظام آباد میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں جملہ 21,590 طلباء امتحان لکھیں گے ۔ امتحانات صبح 9:30 بجے تا12:30 بجے تک منعقد ہوں گے ۔7 فلائنگ اسکواڈ ٹیمیں اور سیٹنگ اسکواڈ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے جو نقل نویسی کی روک تھام کریں گی ۔طلباء کو امتحانی مرکز میں سیل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی امتحانی مرکز کے 100 میٹر کے اندر زیراکس سنٹر بند رہیں گے ۔ اسی طرح نقل نویسی کی روک تھام کیلئے بھی ممتحن اور زائد عملے کو ذمہ داریاں تفویض کی جارہی ہے۔ طلباء کیلئے ہال ٹکٹ اور امتحانی مرکز کے مسائل پر رہنمائی کیلئے کنٹرول روم نمبر 9030282993 پر ربط قائم کرنے پر صرف 15 منٹ میں مسئلہ کو حل کرنے کا ڈی ای او نے تیقن دیا ہے۔ ڈی ای او درگا پرساد نے بتایا کہ فوجداری مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ دھاندلی میں ملوث اسکولوں کی بھی مسلمہ حیثیت ختم کردی جائے گی ۔ڈی ای او نے تمام اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ فیس کیلئے طلباء کو ہراساں نہ کریں ۔ طلباء آن لائن ہال ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں ویب سائٹ
www.bse.telangana.gov.in
پر ملاحظہ کریں ۔ آن لائن ہال ٹکٹ رکھنے پر امتحان لکھنے کی اجازت ہے ۔ امتحانات کے دوران طلباء کو فیس کیلئے ہراساں کرنے والے اسکول انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ڈی ای او درگا پرساد نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ امتحان سے ایک دن قبل امتحانی مرکز کا دورہ کریں اور امتحان لکھنے کیلئے وقت سے پہلے سنٹر پہنچ جائیں ۔